1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس کی عظیم کھلاڑی مارٹینا نوراتیلووا کینسر میں مبتلا

3 جنوری 2023

چیک نژاد امریکی شہری مارٹینا نوراتیلووا کا شماردنیائے ٹینس کے اب تک کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 'میرے پاس جو کچھ بھی ہے' اس کی مدد سے اس بیماری کا مقابلہ کریں گی۔

https://p.dw.com/p/4Lf6l
Ex-Tennisspielerin Martina Navratilova
تصویر: Lucas Jackson/REUTERS

دنیا کی عظیم ترین خاتون ٹینس کھلاڑیوں میں سے ایک مارٹینا نوراتیلووا کا کہنا ہے کہ ان کے گلے اور ایک بار پھر سے چھاتی میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ پیر کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں ٹینس اسٹار نے کہا کہ صورت حال بہت زیادہ خراب نہیں ہے اور وہ اسی ماہ سے اس کا علاج شروع کریں گی۔

سابق جرمن ٹینس اسٹار بورس بیکر برطانوی جیل سے رہا

66 سالہ نووراتیلووا نے کہا کہ ''یہ دوہری پریشانی سنگین ہے لیکن پھر بھی اسے درست کیا جا سکتا ہے، اور میں ایک مثبت نتیجے کی امید کر رہی ہوں۔'' ان کا مزید کہنا تھا، ''ایک حد تک یہ مشکل ضرور ہے، لیکن میرے پاس جو کچھ بھی ہے میں اس کی مدد سے اس سے لڑوں گی۔''

روس کی ٹینس اسٹار کساتکینہ کا کہنا ہے کہ وہ ہم جنس پرست ہیں

گزشتہ نومبر کے اوائل میں ڈبلیو ٹی اے فائنل کے دوران گلے میں کینسر کا پتہ اس وقت چلا تھا، جب نوراتیلووا کو اپنی گردن میں سوجن محسوس ہوئی اور وہ نیچے نہیں جھک پارہی تھیں۔ پھر اس کی بائیوپسی کی گئی تو حقیقت سامنے آئی۔

نوراتیلووا پہلے بھی کینسر سے لڑ چکی ہیں

اس سے قبل سن 2010 میں نوراتیلووا نے چھاتی کے کینسر کا علاج کروایا تھا، جس کے بعد انہیں کینسر سے پوری طرح پاک قرار دیا گیا تھا۔

اسٹار کھلاڑی نے پہلے سن 1994 میں ٹینس سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا تھا، تاہم بعد میں 2000 میں ڈبلز کھیلنے کے لیے وہ واپس میدان میں آئیں اور اس کے بعد کبھی کبھی سنگلز مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔

Tennis Grand Slam Gewinner Martina Navratilova
مارٹینا نوراتیلووانے مجموعی طور پر 59 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے، جن میں خواتین کے ڈبلز میں 31 اور مکسڈ ڈبلز میں 10 خطاب شامل ہیںتصویر: Sven Simon/picture-alliance

 انہوں نے مجموعی طور پر 59 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے، جن میں خواتین کے ڈبلز میں 31 اور مکسڈ ڈبلز میں 10 خطاب شامل ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ٹیلیویژن پر بطور تجزیہ کار کے بھی کام کیا تھا۔

اب کینسر کی تازہ ترین تشخیص کی وجہ سے وہ آسٹریلین اوپن کے دوران 'ٹینس چینل' کی کوریج میں شرکت نہیں کر پائیں گی۔ تاہم دور سے ہی سہی وقتاً فوقتاً ٹی وی پر دکھائی ضرور دیں گی۔

ٹینس کھلاڑیوں کی طرف سے مدد کی پیشکش

نوراتیلووا نے ٹویٹر پر اپنی ایک تازہ پوسٹ میں کہا کہ ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ اور فون ہمدردی کی کالز سے لبریز ہے اور کھلاڑیوں کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا، ''آپ کی حمایت کے لیے آپ سب کا بہت شکریہ، اور میں نے ابھی تک ہار نہیں مانی ہے۔''

ان کے ساتھ خیر خواہی کرنے والوں میں ایک اور ٹینس اسٹار بلی جین کنگ بھی تھیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ''مارٹینا اتنی ہی بہادر بھی ہے جتنی وہ مضبوط ہیں۔ وہ یہ جنگ پہلے بھی لڑ چکی ہیں اور وہ ہمارے خیالات اور دعاؤں میں شامل ہیں۔''

کھیل کے میدان پر نوراتیلووا کی عظیم حریف کھلاڑی کرس ایورٹ نے جنوری 2022 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں رحم مادر کا کینسر ہے، تاہم مئی میں انہیں اس سے نجات حاصل ہو گئی تھی۔

انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ نوراتیلووا، ''ایک ایسی خاتون ہیں جو چیلنجوں کا مقابلہ طاقت اور لچک کے ساتھ کرتی ہیں... آپ کو یہ ہو گیا، مارٹینا!''

ص ز/ج ا (اے پی، روئٹرز)