1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

یمن: علیحدگی پسندوں اور القاعدہ میں ہلاکت خیز تصادم

7 ستمبر 2022

مقامی ذرائع ابلاغ نے سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس تصادم میں 21 علیحدگی پسند اور القاعدہ کے چھ جنگجو مارے گئے۔ علیحدگی پسندوں کا حکومت سے برسر پیکار حوثی باغیوں کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/4GV4f
Symbolbild Kämpfe im Jemen
تصویر: AP Photo/picture alliance

یمن میں مقامی میڈیا اداروں نے حکومتی اور سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ چھ ستمبر منگل کے روز ہونے والی جھڑپوں میں 21 علیحدگی پسند جنگجو اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے چھ ارکان ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اطلاع دی ہے کہ جزیرہ نما عرب میں سرگرم القاعدہ کا گروپ (اے کیو اے پی) نے ان ٹھکانوں پر حملہ کیا، جو سکیورٹی بیلٹ نامی گروپ کے زیر قبضہ تھیں۔

 جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بھی سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اس تصادم میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 27 بتائی ہے۔

یمن: متحارب فریقوں نے مزید دو ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق کر لیا

متحدہ عرب امارات کا تربیت یافتہ سکیورٹی گروپ اس جنوبی عبوری کونسل (ایس سی ٹی) کا عسکری ونگ ہے، جو جنوبی یمن کو ملک کے باقی حصوں سے الگ کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ جنوبی یمن نے سن 1990 میں باقی یمن میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ایس سی ٹی نے حال ہی میں یہ اعلان کیا تھا ہے کہ وہ جنوب مغربی صوبے ابجان کو دہشت گرد گروپوں سے پاک کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ملک کے جنوب میں القاعدہ کے عسکریت پسند ماضی میں بھی یمن کی مسلح سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے رہے ہیں۔

Symbolbild Kämpfe im Jemen
تصویر: Photoshot/picture alliance

یمن کی خانہ جنگی

سن 2014 سے ہی یمن ملک میں جاری اس خانہ جنگی میں الجھا ہوا ہے، جب سے حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا۔ جنوبی یمن کے علیحدگی پسند اس پورے تنازعے میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کے خلاف لڑتے رہے ہیں۔

سکیورٹی گروپ اور ایس سی ٹی کو متحدہ عرب امارات کی بھی حمایت حاصل ہے۔ ادھر سعودی عرب جنوبی یمن کے علیحدگی پسندوں اور عدن میں قائم بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے درمیان ثالثی کی بھی کوشش کر رہا ہے تاکہ انہیں حوثی باغیوں کے خلاف متحد کیا جا سکے۔

یمنی صدر کو استعفے پر سعودی عرب نے مجبور کیا، امریکی اخبار

ایک ماہ قبل ہی حوثی باغیوں اور یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے درمیان قائم جنگ بندی معاہدے کی دو ماہ کی تجدید ہوئی تھی۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)