1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈپریشن کے شکار دل کے مریضوں کے لیے ورزش نہایت مفید

Kishwar Mustafa3 اگست 2012

امریکی طبی ماہرین کی ایک نئی مطالعاتی رپورٹ کے مطابق دل کے عارضے میں مبتلا ایسے افراد جو ڈپریشن یا افسردگی کی کیفیت سے دوچار ہیں، کے لیے پابندی کے ساتھ ورزش کرنا اتنا ہی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جتنا کہ دوا کا استعمال۔

https://p.dw.com/p/15jL8
تصویر: Fotolia/Brocreative

امریکی کالج آف کارڈیالوجی کے جریدے میں چھپنے والی اس رپورٹ کے مصنفین اور اس مطالعے میں شامل محققین نے دل کے 101 مریضوں کو اپنی ریسرچ میں شامل کیا جو دل کے عارضے کے ساتھ ساتھ نفسیاتی بیماری ڈپریشن یا پژمردگی کا بھی شکار تھے۔ تاہم ان مریضوں نے ہفتے میں کم از کم 90 منٹ جسمانی ورزش کا سلسلہ پابندی سے جاری رکھا۔ ساتھ ہی ایسے دیگر مریضوں کا بھی جائزہ لیا جاتا رہا جو Zoloft نامی دوا لیتے رہے۔ محققین کے مطابق دونوں طرح کے مریضوں کی کیفیت میں یکساں بہتری پائی گئی۔ یہ دوا ادویات سازی کی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی Pfizer کی تیار کردہ ہے جس کا جینیرک نام Sertraline ہے۔

ایلن روزینسکی جنہوں نے اسی ریسرچ کے بارے میں ایک اداریہ تحریر کیا ہے، جسے رپورٹ کے ساتھ ہی شائع کیا گیا، کا کہنا ہے،’ ورزش کی حیثیت دل کے مریضوں کے لیے ڈپریشن کے خلاف لڑنے کے ایک مضبوط ہتھیار کی سی ہے‘۔

ایلن روزینسکی نیو یارک کے سینٹ لیوک اور روزویلٹ ہسپتالوں سے منسلک ہیں۔ ان کا ماننا  ہے کہ ورزش کے بہت سے دیگر جسمانی فوائد بھی ہیں۔ اسی لیے اسے غیر معمولی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔

Herzzentrum Herzkrankheiten Herzrhytmusstörung Gesundheitswesen Krankenkasse Gesundheitsreform
دل کا عارضہ خطرناک صورتحال بھی اختیار کر سکتا ہےتصویر: AP

اس مطالعاتی رپورٹ کے مصنفین کے مطابق امراض قلب میں مبتلا مریضوں میں سے 40 فیصد میں ڈپریشن کے علامات پائی جاتی ہیں۔ جبکہ ڈپریشن کی نفسیاتی اور ذہنی بیماری از خود دل سے متعلق بہت سی پیچیدگیوں اور بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔

ماضی میں دل کے مریضوں میں ڈپریشن کے خلاف استعمال کی جانے والی اینٹی ڈپریسینٹ یا مانع افسردگی ادویات کے استعمال اور دیگر طریقہ ہائے علاج کے ملے جلے نتائج سامنے آئے تھے۔ تاہم دل کے مریضوں کے لیے ورزش کے فوائد سے متعلق کی جانے والی تحقیق میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ان کے نتائج سے یہی پتہ چل رہا ہے کہ جسمانی ورزش ڈپریشن اور عارضہ قلب دونوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتی ہے۔

ابھی حال ہی میں ریسرچرز نے دل کے دو ہزار تین سو مریضوں پر ایک اور تجربہ بھی کیا۔ ان مریضوں میں سے چند کو رینڈم طور پر چُنا گیا اور اُن سے خاص قسم کی جسمانی ورزش کروائی گئی۔ محققین نے ورزش کرنے والے دل کے ان مریضوں میں ڈپریشن کی علامات میں واضح کمی محسوس کی۔

Flash-Galerie Skurrile Urteile
ڈپریشن کے شکار افراد اکثر الکوحل کے عادی ہو جاتے ہیںتصویر: Fotolia/lassedesignen

نارتھ کیرولائنا ڈرہم میں قائم ڈیوک یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے ماہر نفسیات جیمز بلومن تھال اس اور اس سے پہلے ہونے والی تحقیق میں شامل ریسرچرز کے گروپ کے ایک اہم رکن تھے۔ ان کا کہنا ہے،’ہم دل کے مریضوں میں ورزش اور ڈپریشن یا پژمردگی کے خلاف ادویات کے استعمال کے اثرات کا موازنہ کرنا چاہتے تھے اور اس تجربے میں ہمیں ورزش کے ذریعے ڈپریشن کی علامات دور کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

Km/aa(Reuters)        

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں