1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ٹیم پندرہ اکتوبر کو بھارت کے خلاف میچ کھیلے گی

27 جون 2023

بھارت سات برس کے وقفے کے بعد اکتوبر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ بھارت اور پاکستان احمد آباد میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

https://p.dw.com/p/4T7cn
فائل فوٹوتصویر: Asanka Brendon Ratnayake/AP Photo/picture alliance

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے کئی ہفتوں کی تاخیر کے بعد اس سال کھیلے جانے والے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی ورلڈ کپ پانچ اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جانا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پانچ اکتوبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا۔ سیمی فائنل 15 اور 16 نومبر کو ممبئی اور کولکتہ میں کھیلے جانا ہیں۔ روایتی حریف ممالک بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں 15 اکتوبر کو احمد آباد میں میچ کھیلیں گی۔

بھارت میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول کئی ہفتوں کی تاخیر کا شکار ہوا، جس کی وجہ پاکستانی ٹیم کی طرف سے بھارت میں جا کر میچز کھیلنے سے انکار تھا۔ یہ انکار بھارتی کرکٹ کونسل کے اس فیصلے کا ردعمل تھا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ  کے میچ پاکستان میں جا کر نہیں کھیلے گی۔

Australien T20 World Cup Cricket-Match zwischen Indien und Pakistan in Melbourne
پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے میچ بھی اکثر کسی تیسرے ملک میں ہی کھیلتی ہیں۔تصویر: William West/AFP

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی کوششوں سے آخر کار یہ طے پایا کہ پاکستان ایک ہائبرڈ ماڈل کے تحت ستمبر میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ’’ہر ٹیم دیگر نو ٹیموں کے خلاف راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت میچز کھیلے گی اور چار سرفہرست ٹیمیں ناک آؤٹ اور سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔‘‘

روایتی حریف ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان طویل عرصے سے جاری سیاسی تنازعات سے کرکٹ کا میدان بھی محفوظ نہیں اور یہ دونوں ٹیمیں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے میچ بھی اکثر کسی تیسرے ملک میں ہی کھیلتی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ان دونوں ممالک کے درمیان کھیلا جانے والا کوئی بھی میچ بین الاقوامی سطح پر لوگوں کی دلچسپی کا حامل ہوتا ہے اور کرکٹ کے شائقین ٹیلی وژن اسکرینز سے چمٹ کر رہ جاتے ہیں۔

2019ء میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کو 273 ملین ناظرین نے دیکھا تھا۔

پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیوں نے 2012ء کے بعد سے ایک دوسرے کے ملک میں کوئی باہمی سیریز بھی نہیں کھیلی۔

ا ب ا / م م (اے ایف پی، اے پی)