1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

ٹک ٹاک پر ممکنہ پابندی، چین کے موقف پر امریکہ برہم

15 مارچ 2024

چین میں متعین امریکی سفیر کے مطابق چینی حکمران کمیونسٹ پارٹی کی اپنی سرحدوں کے اندر آن لائن پلیٹ فارمز کی سنسرشپ کو مد نظر رکھتے ہوئے امریکہ میں ٹک ٹاک پرممکنہ پابندی کے بارے میں بیجنگ کا موقف ’’انتہائی ستم ظریفی‘‘ ہے۔

https://p.dw.com/p/4dgmY
Smartphone mit Tiktok-Logo
تصویر: Joly Victor/abaca/picture alliance

امریکی ایوان نمائندگان نے بدھ کے روز بھاری اکثریت سے ایک ایسے بل کی منظوری  دی تھی، جس کے تحت چینی ملکیت والی اس مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ملک گیر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

 چین نے اس بل کی منظوری پر کڑی تنقید کی ہے، جس کو اس نے واشنگٹن کی ''ڈاکو‘‘ ذہنیت قرار دیا ہے اور قانون سازوں پر ''غیر منصفانہ طور پر غیر ملکی کمپنیوں کو دباؤ میں لانے‘‘ کا الزام لگایا ہے۔

امریکی سفیر نیکولس برنز نے جمعہ کو بیجنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  اس کا یہ موقف بلاجواز ہے کیونکہ چینی حکام  نے بہت سے مغربی ویب پلیٹ فارمز کو اپنے ملک میں کام کرنے سے روک رکھا ہے۔

برنز کا مزید کہنا تھا،''مجھے یہ انتہائی ستم ظریفی لگتی  ہے کہ یہاں چین میں حکومتی اہلکار امریکہ کو اس بحث کے لیے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جو ہم اس وقت ٹک ٹاک  پر کر رہے ہیں۔‘‘ امریکی سفیر نے یہ بیانات ایسٹ ویسٹ سینٹر کے زیر اہتمام منعقدہ ایک آن لائن سیمینار کے دوران دیے۔ ایسٹ ویسٹ سینٹر امریکہ میں قائم  ریسرچ کا ایک ادارہ ہے۔

سیمینار میں امریکی عوامی سفارت کاری  سے متعلق کیے گئے ایک سوال کے جواب میں برنز کا کہنا تھا، ''وہ (چینی حکام)  ٹک ٹاک کو 1.4 بلین چینی باشندوں کے لیے بھی دستیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

USA Das Weiße Haus verbietet TikTok auf Regierungsgeräten
امریکہ کا موقف ہے کہ چینی حکومت آن لائن معلومات کے پھیلاؤ کو سختی سے کنٹرول کرتی ہےتصویر: NICOLAS ASFOURI/AFP

 چین کی حکومت آن لائن معلومات کے پھیلاؤ کو سختی سے کنٹرول کرتی ہے اور سیاسی طور پر حساس سمجھے جانے والے سوشل میڈیا مواد کو بھی حذف کر دیتی ہے اور اس نے گوگل، فیس بک اور انسٹاگرام سمیت کئی مغربی پلیٹ فارمز کو ملک میں کام کرنے سے روک رکھا  ہے۔

ٹک ٹاک کی مالک چینی کمپنی بائٹ ڈانس بھی چین کے اندر  Douyin کے نام سے  ٹک ٹاک کا ایک الگ ورژن چلاتی ہے۔ چین نے جمعہ کو برنز کے تبصروں کے جواب میں کہا کہ ٹک ٹاک کے حوالے سے امریکی موقف '' دراصل ستم ظریفی‘‘ ہے۔کچھ مغربی حکومتوں نے ٹک ٹاک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ الزام لگایا ہے کہ اس ایپ کی ملکیت اسے بیجنگ کے تابع بناتی ہے تاہم  ٹک ٹاک  ایسے دعووں کی تردید کرتی  ہے۔

ٹک ٹاک پر پابندی اظہار رائے پر پابندی ہے، نگہت داد

امریکی کانگریس کی جانب سے منظور کیے گئے بل پر ٹک ٹاک کے تخلیق کاروں اور صارفین نے بھی تنقید کی ہے۔  توقع ہے کہ امریکی سینیٹ میں اسے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اُدھر وائٹ ہاؤس نے اشارہ دیا ہے کہ اگر یہ بل صدر جو بائیڈن  کی میز تک پہنچ جاتا ہے تو وہ بل کو باقاعدہ قانون کی شکل دینے کے لیے اس پر اپنے دستخط کردیں گے۔

ک م / ش ر(اے ایف پی)