1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وقت سے پہلے بہار، ایک خوف ناک پیغام

2 مارچ 2024

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ رواں برس فروری آج تک کی ریکارڈ تاریخ کا سب سے گرم فروری کا مہینہ تھا۔ جاپان سے میکسیکو تک دنیا بھر میں اس مہینہ میں وقت سے پہلے بہار جیسے حالات دیکھے گئے۔

https://p.dw.com/p/4d6Gd
Australien | Waldbrand bei Wanneroo
تصویر: DFES /AP/picture alliance

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ فروری کے مہینے  میں بہار جیسے حالات نے ایک طرف پھولوں کو وقت سے پہلا کھلا دیا ہے تو ساتھ ہی بلند و بالا چوٹیوں سے برف وقت سے پہلے ہی مفقود ہوتی دکھائی دی جب کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں پہلی بار فروری کے مہینے میں درجہ حرارت 38 درجے سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

آب و ہوا اور موسم میں کیا فرق ہے؟

امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی عالمی موسمیاتی سمٹ میں شرکت

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گو اس وقت ڈیٹا پر کام جاری ہے، تاہم متعدد سائنسدانوں نے کہا ہے کہ آج تک کا ممکنہ طور پر یہ سب سے گرم ماہِ فروری تھا۔ اس کی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں اور ایل نینو کہلانے والے بحری عمل کے تحت بحر الکاہل کے مشرقی حصے میں گرمائش میں اضافہ ہے۔

بتایا گیا ہےکہ اس سلسلے میں حتمی اعدادو شمار امریکی 'نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹماسفیرک ایڈمنسٹریشن‘ چودہ مارچ کو جاری کرے گی۔ روئٹرز کے مطابق اگر حتمی ڈیٹا میں تصدیق ہوتی ہے، تو یہ مسلسل نواں ماہ ہو گا جب ماضی کے مقابلے میں گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں۔

امریکی سائنسدان کیرن گلیسن کے مطابق زمین کے شمالی نصف کرے میں ریکارڈ درجہ حرارت کا مطلب ہے 'قبل از وقت بہار‘ ۔ گلیسن کے مطابق، ''میں دو روز قبل شمالی کیرولائنا کے مشرقی حصے میں تھی اور مجھے کئی درخت پھولوں سے لدے ملے۔ میں سوچ رہی تھی یہ انتہائی عجیب ہے کیوں کہ ابھی تو فروری ہے۔‘‘

BdTD / Kirschblüten Japan
کئی مقامات پر وقت سے ایک ماہ پہلے کئی پھول کھلے نظر آ رہے ہیںتصویر: PHILIP FONG/AFP/Getty Images

واضح رہے کہ ٹوکیو میں بھی کئی افراد نے فروری میں تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں جن میں چیری بلاسم کے گلابی پھول کھلے ہوئے تھے اور  گلِ نیلم کِھلا ہوا تھا۔ عموماﹰ ایسا مارچ کے مہینے کے آخر میں ہوتا ہے۔ میکسیکو سے بھی اسی طرح کی تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں۔

یورپ میں بھی رواں ماں اسکیئنگ کے کئی مقامات برف ختمہو جانے کی بنا پر بند کر دیے گئے۔ بوسنیا، اٹلی اور فرانس میں کچھ جگہوں پر اسکیئنگ کے مقامات پر ہائیکنگ اینڈ بائیکنگ کی آفرز دیکھی گئیں۔

روئٹرز کے مطابق امریکہ میں کئی مقامات پر رواں ہفتے درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ دیکھا گیا، جو اوسط سے زیادہ تھا جب کہ ٹیکساس کے قصبے کیلین میں اس ہفتے درجہ حرارت ریکارڈ 38 درجے سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستانی اسکول موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات کرنے کو تیار

دوسری جانب زمین کے جنوبی نصف کرے میں گرمی کی شدت سے متعدد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سے وابستہ سائنسدان جین بالڈوِن کے مطابق موسم گرم میں بلند درجہ حرارت، جو جنوبی نصف کرے میں اس وقت دیکھا جا رہا ہے، گرمی سے جڑی ہلاکتوں میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ ''گرمی ایک غیرمعمولی قاتل ہے۔‘‘

واضح رہے کہ فروری کے دوران ارجنٹائن، پیرو، برازیل اور چلی میں شدید گرمی کی لہر دیکھی گئی تھی جب کہسین تیاگو کے قریب جنگلاتی آگ کی وجہ سے  ایک سو تینتیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ع ت/ ا ب ا (روئٹرز)