1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چارلس سوم کا بطور بادشاہ زندگی بھر خدمات انجام دینے کا عہد

10 ستمبر 2022

کنگ چارلس سوم نے اپنی والدہ ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد پہلی بار قوم سے خطاب کیا جس میں انہوں نے اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خاندان سے محبت اور عقیدت کے لیے اپنی والدہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/4Gf24
Großbritannien König Charles III
تصویر: Toby Melville/REUTERS

ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد سے ہی پوری دنیا کی جانب سے ان کے لیے تعزیعتی بیانات اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی میراث اور ان کے دور میں دنیا کی تشکیل میں ان کے کردار کو یاد کیا جا رہا ہے۔ اس دوران ان کے بیٹے چارلس سوم نے بطور بادشاہ اپنی پہلی تقریر میں ملکہ کی زندگی اور ان کی خدمات کا ذکر کیا۔

نئے بادشاہ چارلس سوم نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "آج میں آپ سبھی سے بہت گہرے دکھ کے جذبات کے ساتھ مخاطب ہوں۔ ملکہ الزبتھ نے ایک شاندار زندگی گزاری۔ تقدیر کے ساتھ کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کیا اور اب ان کے انتقال پر انتہائی سوگ منایا جا رہا ہے۔"

برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی کی وفات پر پوری دنیا غمزدہ

 انہوں نے مزید کہا، "اپنی زندگی میں ملکہ برطانیہ، میری پیاری والدہ، میرے تمام خاندان کے لیے ایک مثال تھیں۔ اور جو کردار انہوں نے اپنے خاندان کے لیے ادا کیا، ہم ان کی محبت، پیار، رہنمائی، دانش مندی اور ایک مثال ہونے کے لیے، ان کے دلی طور پر مقروض ہیں۔"

اس موقع پر نئے بادشاہ نے سن 1947 کے اس وقت کو یاد کیا جب محض 21 برس کی عمر میں ہی ملکہ الزبتھ نے اپنی زندگی عوام کی خدمت کے لیے وقف کرنے کا عہد کیا تھا۔ کنگ چارلس نے کہا کہ یہی، "ان کی ذاتی گہری وابستگی ہے جو ان کی پوری زندگی کا تعارف پیش کرتی ہے۔"

نئے بادشاہنے خطاب کے دوران اپنی زندگی بھر کی خدمات میں اپنی "ڈارلنگ ماں" کے نقش قدم پر چلنے کا بھی عہد کیا اور کہا کہ وہ اپنی پوری حیات خدمت کے لیے وقف کرتے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا، "جب وہ تخت نشین ہوئیں تو، برطانیہ اور دنیا ابھی بھی دوسری جنگ عظیم کے بعد اس کے اثرات سے نمٹنے کی کوشش  کر رہی تھی اور اس کی قیادت پہلے زمانے کے کنونشنوں کے مطابق ہی ہو رہی تھی۔ اس کے باوجود، ان کی زندگی میں ہی، برطانیہ "کئی ثقافتوں اور مختلف عقائد" پر مبنی ایک ملک بن کر ابھرا۔ اس کی وجہ سے ادارے بھی تبدیل ہوتے رہے۔"

Großbritannien König Charles III
ئے بادشاہ نے خطاب کے دوران اپنی زندگی بھر کی خدمات میں اپنی "ڈارلنگ ماں" کے نقش قدم پر چلنے کا بھی عہد کیا اور کہا کہ وہ اپنی پوری حیات خدمت کے لیے وقف کرتے ہیںتصویر: Yui Mok/Pool Photo via AP/picture alliance

اس موقع پر کنگ چارلس نے برطانیہ کی نئی ملکہ کمیلا پارکر کے بارے میں کہا، "وہ ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دیں گی، جن پر میں اتنا زیادہ اعتماد کرتا آیا ہوں۔"

ان کے بڑے بیٹے ولیم، جو اب تخت کے وارث ہیں، وہ بھی وہاں موجود تھے۔ چارلس نے ان سے متعلق کہا کہ ویلز کی نئی شہزادی اور شہزادہ "قومی بات چیت کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرتے رہیں گے، پسماندہ لوگوں کو مرکزی بنیادوں پر لانے میں مدد کریں گے۔"

لز ٹرس، ملکہ الزبتھ کے عہد کی سولہویں برطانوی وزیر اعظم

نئے بادشاہ نے کہا، "آپ کی تعزیت اور حمایت کے لیے انتہائی خلوص دل سے شکریہ۔ اس کی میرے لیے بڑی اہمیت ہے، جس کا میں کبھی بھی مکمل طور پر اظہار نہیں کر سکتا۔" 

تقریر کے اختتام پر، بادشاہ نے اپنی والدہ سے براہ راست مخاطب ہو کر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا، "ہمارے خاندان اور ہماری قوم سے محبت اور عقیدت کے لیے آپ نے ان تمام برسوں میں اتنی تندہی سے خدمت کی ہے۔"

 انہوں نے شیکسپیئر کے معروف ڈرامے ہیملیٹ کے آخری منظر کے ان الفاظ پر تقریر ختم کی: "محو پرواز فرشتے آپ کے سکون  و آرام کے لیے نغمہ سرا ہوتے رہیں۔" توقع ہے کہ آئندہ دس روز کے اندر ملکہ  کی آخری رسومات ادا کر دی جائیں گی۔

 کنگ چارلس سوم کی باضابطہ بادشاہت کی تقریب آج

 یہ تاریخی تقریب سنیچر کو سینٹ جیمز پیلس میں منعقد ہو گی، جسے پہلی بار ٹیلیویژن پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

اگرچہ اپنی والدہ کے انتقال کے بعد وہ خود بخود بادشاہ بن گئے ہیں، تاہم انہیں الحاق کونسل نامی ایک ادارے کے زیر نگرانی تقریب میں "خود مختاری کے فرائض اور ذمہ داریاں سنبھالنے" کا حلف اٹھانا ہو گا۔

Großbritannien | Tod Queen Elizabeth | Kondolenzbücher
ملکہ الزبتھ کا جمعرات کے روز انتقال ہو گیا تھا ، جس کے بعد سے تعزیاتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہےتصویر: Matthew Horwood/Getty Images

سوگ کے لیے مزدوروں کی ہڑتال ملتوی

اس دوران برطانوی ریل اور پوسٹل ورکرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملکہ الزبتھ دوم کی موت کے سبب پہلے سے طے شدہ ہڑتال کے لیے اپنا آئندہ کا واک آؤٹ روک دیں گے۔

کمیونیکیشن ورکرز یونین (سی ڈبلیو یو) کے جنرل سیکرٹری ڈیوڈ وارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ جمعےکے روز سے 48 گھنٹے کی ہڑتال کا جو، منصوبہ تھا اسے روک دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ ریل اور نقل و حمل کے دیگر ملازمین نے بھی رواں ماہ جن ہڑتالوں کی پہلے سے کال دی تھی انہیں فی الوقت منسوخ کر دیا گیا ہے۔

برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فیلپ انتقال کر گئے

جو بائیڈن آخری رسومات میں شرکت کریں گے

عالمی رہنماؤں کی جانب سے اب بھی اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کے روز تصدیق کی کہ وہ بھی ملکہ کے سرکاری اعزاز والے جنازے میں شرکت کریں گے۔

تمام باحیات سابق امریکی صدور نے ملکہ کے انتقال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل نے کہا کہ الزبتھ نے "ملکہ کے کردار کو اپنی طرزِ حکمرانی کے ساتھ نبھایا، جس کی تعریف ان کے فضل، خوبصورتی اور انتھک محنت سے ہوتی ہے۔

جارج ڈبلیو بش نے الزبتھ دوم کو "عظیم ذہین، دلکش اور عقل و فراست  کی حامل خاتون" قرار دیا، جبکہ جمی کارٹر نے کہا کہ ان کا "وقار، رحمدلی اور فرض شناسی" متاثر کن تھیں۔

ص ز/ ر ب (اے ایف پی، ڈی پی اے، اے پی)

ملکہ الزبتھ کی زندگی کے پانچ اہم لمحات