1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں مسافر ٹرین الٹ گئی، تین افراد ہلاک

3 جون 2022

جنوبی جرمنی میں ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں ایک مسافر ریل گاڑی کے پٹڑی سے اتر جانے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ یہ ریل گاڑی وفاقی صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ جا رہی تھی۔

https://p.dw.com/p/4CG9n
تصویر: Josef Hornsteiner/Garmisch-Partenkirchner Tagblatt/picture alliance

باویریا میں حکام نے بتایا کہ یہ مسافر ریل گاڑی اب تک غیر واضح وجوہات کی بنا پر جمعہ تین جون کی دوپہر بُرگرائن کے مقام پر پٹڑی سے اتر گئی۔ وفاقی جرمن پولیس کے مطابق حادثے کی جگہ ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں واقع تعطیلاتی اور اسکیئنگ کے لیے مشہور مقام گارمِش پارٹن کِرشن سے زیادہ دور نہیں۔

تین بوگیاں الٹ گئیں

حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر کر جزوی طور پر الٹ گئیں اور ان میں پھنسے ہوئے کئی مسافروں کو امدادی کارکنوں نے کھڑکیوں سے باہر نکالا۔ گارمِش پارٹن کِرشن میں لوکل گورنمنٹ نے بھی کم از کم تین مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں بتائی گئی ہے۔

مشکل ترین مقامات: یورپ کا بلند ترین ریلوے اسٹیشن

یہ حادثہ جس علاقے میں پیش آیا، وہ ایلپس کے پہاڑی خطے میں جرمنی اور آسٹریا کے درمیان قومی سرحد کے قریب ہی واقع ہے۔ یہ واضح نہیں کہ حادثے کے وقت اس علاقائی ریل گاڑی میں کتنے مسافر سوار تھے۔

Deutschland | Tote bei Zugunglück in Oberbayern
تصویر: Josef Hornsteiner/Garmisch-Partenkirchner Tagblatt/picture alliance

چھٹیوں سے پہلے تعلیمی سال کا آخری دن

جرمنی میں تعلیمی شعبہ وفاقی کے بجائے صوبائی حکومتوں کی عمل دراری میں کام کرتا ہے اور اسی لیے ہر وفاقی صوبے میں تعلیمی اداروں میں سال کے مختلف حصوں میں چھٹیوں کا نظام الاوقات بھی مختلف ہوتا ہے۔

ایلپس کے دامن میں بہت خوبصورت جرمن شہر، تدفین کے لیے لاٹری

باویریا میں یہ ٹرین حادثہ آج اس وقت پیش آیا، جب اس جرمن صوبے میں موسم گرما کی تعطیلات سے پہلے موجودہ تعلیمی سال کا آخری دن تھا۔ اس لیے یہ بات بھی خارج از امکان نہیں کہ اس ریل گاڑی کے مسافروں میں بڑی تعداد میں اسکولوں کے طالبا و طالبات بھی شامل تھے۔

چھ ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو کارروائیوں میں مصروف

 گارمِش پارٹن کِرشن سے تعلق رکھنے والے میونخ کی صوبائی پارلیمان کے رکن کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں اس حادثے کے چند گھنٹے بعد بتایا گیا کہ ٹرین پٹڑی سے اتر جانے کے نتیجے میں تین ہلاکتوں کے علاوہ مجموعی طور پر جو 60 افراد زخمی ہوئے، ان میں سے 16 شدید زخمی ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ہر عمر کے مسافر شامل ہیں۔

اطالوی ایلپس میں ’چھوٹا چین‘

حادثے کی جگہ پر فائر بریگیڈ کے عملے اور طبی امدادی کارکنوں کے ساتھ ساتھ کم از کم چھ ریسکیو ہیلی کاپٹر بھی زخمیوں کو اس پہاڑی علاقے سے قریبی ہسپتالوں میں پہنچانے میں مصروف ہیں۔

آخری خبریں ملنے تک چند زخمی مسافروں کو ٹرین کی الٹ جانے والی بوگیوں سے نکال کر قریبی ہسپتال پہنچایا جا چکا تھا۔

م م / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)