1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

یوکرین شہری تنصیبات پر روسی میزائلوں کی بارش

16 دسمبر 2022

جمعے کو روس کی جانب سے ایک مرتبہ پھر یوکرین میں متعدد شہری تنصیبات خصوصاﹰ بجلی کے گرڈز کو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں خارکیف سمیت متعدد مقامات پر بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4L3t3
Ukraine - Zerstörung in Donetsk nach russischem Luftangriff
تصویر: LIBKOS/AP Photo/picture alliance

جمعے کے روز یوکرینی حکام نے بتایا کہ روس نے یوکرین کی توانائی کی تنصیبات اور دیگر حساس شہری ڈھانچے کے خلاف میزائل حملوں کا ایک نیا سلسلہ  شروع کیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق شمال مشرقی شہر خارکیف سمیت تین یوکرینی شہروں کو روسی میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں دارالحکومت کییف بھی شامل ہے۔

امریکی تاریخ کا ریکارڈ دفاعی بجٹ منظور

توانائی بحران، جرمنی میں کرسمس کی لائٹیں بھی متنازعہ

درجنوں میزائل کا رخ کییف کی جانب

یوکرینی حکام کے مطابق جمعے کو روس کی جانب سے صرف کییف شہر کے اہم شہری ڈھانچے پر چالیس میزائل داغے گئے۔ مقامی حکام کے مطابق، ''جنگ کے آغاز سے اب تک کییف کے خلاف یہ سب سے بڑا میزائل حملہتھا۔‘‘

تاہم یوکرینی حکام کے مطابق ان چالیس میں سے 37 میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام کے تحت فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔

بجلی کی رسد آدھی ہو گئی

یوکرینی گرڈ آپریٹرز کا کہنا ہے کہ جمعے کو روسی میزائل حملے کے بعد ملک بھر میں توانائی کی رسد نصف رہ گئی ہے۔ ایک سینیئر یوکرینی عہدیدار نے اس سے قبل بتایا تھا کہ ملک بھر میں ایمرجنسی شٹ ڈاؤن نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔ یوکرینی ذرائع کے مطابق اس نظام کو متعارف کروانے کی وجہ یہ ہے کہ بجلی روک کر تیزی سے تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کی مرمت کی جا سکے۔

یورپ کی طرف سے روسی تیل پر پابندیاں اور ان سے بچنے کے لیے روس کا حل

یوکرینی حکام نے تباہ ہونے والی تنصیبات کے تفصیلات تو نہیں بتائیں تاہم کہا کہ وسطی شہر پولتاوا اور دارالحکومت کییف کے متعدد علاقے اس وقت بجلی سے محروم ہیں۔

اس سے قبل خارکیف کے میئر نے سوشل میڈیا ایپ ٹیلی گرام کے ذریعے بتایا تھا کہ ان حملوں کے بعد شہر میں بجلی نہیں ہے۔ یوکرین کے صدارتی دفتر کے ایک اور سینیئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایک میزائل کے نتیجے میں خارکیف میں ایک عمارت تباہ ہو گئی ہے اور ممکنہ طور پر عام شہری اس عمارت کے ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ رواں برس اکتوبر سے روس یوکرین کے حساس شہری ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے، جس کے نتیجے میں شدید سردی میں لاکھوں یوکرینی باشندے بجلی، پانی اور ہیٹنگ سے محروم ہیں۔

ع ت، ش ر (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)