1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولیورپ

یورپی یونین کو مزید چارجنگ اسٹیشن درکار ہیں، کار ساز ادارے

29 اپریل 2024

کارساز اداروں کا کہنا ہے کہ یورپی یونین میں چارجنگ اسٹیشن سست روی سے لگائے جا رہے ہیں اور یہ کہ الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے 2030ء تک 88 لاکھ چارجنگ اسٹیشنز درکار ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/4fHtB
الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن
تصویر: Jochen Tack/picture alliance

حالیہ برسوں کے دوران دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم یورپی کار ساز اداروں نے کہا ہے کہ یورپ میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کے برخلاف ان کے لیے نئے چارجنگ اسٹیشن لگانے کی رفتار کافی سست ہے۔

یورپین آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے سی ای اے) کی طرف سے آج پیر 29 اپریل کو جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 27 رکنی یورپی بلاک میں 2017ء سے اب تک الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت، ایسی گاڑیوں کے لیے لگائے گئے چارجنگ پوائنٹس کی نسبت تین گنا زیادہ رہی۔

جرمنی میں الیکٹرک کاروں کی سولر پاور سے چارجنگ، نئی فنڈنگ

الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کے نئے ریکارڈ کی پیش گوئی

اے سی ای اے کے مطابق یورپی یونین کو سال 2030ء تک 88 لاکھ چارجنگ اسٹیشنز کی ضرورت ہو گی، جس کا مطلب ہے کہ ہفتہ وار 22 ہزار نئے چارجنگ پوائنٹس۔ یعنی موجودہ رفتار سے آٹھ گُنا زیادہ۔

جرمن گاڑیوں کی صنعت کا نیا وژن

یورپی کمیشن کا تاہم تخمینہ ہے کہ اس بلاک کو 2030ء تک 35 لاکھ چارجنگ پوائنٹس درکار ہوں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر لوگوں کو الیکٹرک گاڑیں خریدنے پر مائل کرنے کے سلسلے میں ان کے لیے درکار بنیادی ڈھانچہ اہم ترین ہے اور یہ سب یورپی یونین کے 2050ء تک کاربن کے فضا میں صفر اخراج کے ہدف کے حصول کے لیے ضروری ہے۔

یورپی یونین کے ماحولیاتی اہدف اور الیکٹرک گاڑیاں

ماحولیات کے حوالے سے یورپی یونین کا قانون 2021ء میں اپنایا گیا تھا، جس کے تحت اس اتحاد کی رکن ریاستوں کو مجموعی طور پر ضرر رساں، سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں 1990ء کی سطح کے مقابلے میں 2030ء تک 55 فیصد کمی لانا ہے۔

جرمنی: ٹیسلا گاڑیوں کے مخلص صارف

یورپی یونین کا یہ بھی ہدف ہے کہ وہ 2050ء تک بحیثیت مجموعی فضا میں ضرر رساں گیسوں کے اخراج کی سطح صفر تک لے آئے گی۔

یورپین آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی ڈائریکٹر جنرل زیگرڈ ڈے فری کی طرف سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق، ''کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج  پر پابندی کے پر عزم یورپی اہداف کے حصول کے لیے یورپی ممالک میں الیکٹرک گاڑیوں کو بہت بڑے پیمانے پر اپنائے جانے کی ضرورت ہے۔‘‘

خاتون ڈائریکٹر جنرل کا اسی تناظر میں مزید کہنا ہے، ''اور ایسا اس پورے خطے میں عوامی سطح پر بڑے پیمانے پر چارجنگ انفراسٹرکچر کی فراہمی کے بغیر ممکن نہیں ہو گا۔‘‘

روشنی ماجمدار (ا ب ا/ ش ر)