1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنری کسنجر کے سو سال اور پاکستان سے جڑی یادیں

26 مئی 2023

سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے پاکستان کی ثالثی میں چین کے ساتھ مذاکرات کے لیے اسلام آباد کے راستے بیجنگ کے خفیہ دورے کیے تھے۔ امریکہ کے اعلی ترین سفارتی اہلکار کے طور پر کسنجر کئی تنازعات کا شکار رہے۔

https://p.dw.com/p/4RroW
تصویر: Jacquelyn Martin/AP Photo/picture alliance

سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر ہفتے کے روز اپنی 100 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک طویل اور انتہائی متنازعہ سفارتی ریکارڈ کے ساتھ انیس سو ساٹھ اور ستر کی دہائیوں میں امریکی خارجہ پالیسی کی  تشکیل میں اہم کردار اداکیا۔ یہاں اس چوٹی کے سابقہ امریکی سفارت کار کے دو امریکی صدور رچرڈ نکسن اور جیرالڈ فورڈ کے ساتھ قومی سلامتی کے مشیر اور سیکرٹری آف اسٹیٹ کی حثیت سےکردار کا جائزہ لیا گیا ہے ۔

پاکستان کے تعاون سے چین کے ساتھ  مذاکرات

کسنجر نےپاکستان کی وساطت سے کمیونسٹ چین کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے مشن پر جولائی 1971 ء میں خفیہ طور پر اسلام آباد سے بیجنگ کے لیے اڑان بھری تھی۔ ان کا یہ دورہ آنے والے سالوں میں نہ صرف ایشیاء کے خطے بلکہ عالمی سطح پر بڑی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوا۔

USA Washington | Außenminister Henry Kissinger
کسنجر نے نو سے گیارہ جولائی سن انیس سو اکہتر کو بیجنگ کا تین روزہ دورہ کیا تھاتصویر: Bob Daugherty/AP Photo/picture alliance

 اس دورے میں وہ امریکی صدر رچرڈ نکسن کے ایک معتمد کے طور پر چینی قیادت سے ملنے کے لیے پہنچے تھے۔ یہ اس لحاظ سے ایک  تاریخی دورہ مانا جاتا ہے کہ اس نے روس کے ساتھ سرد جنگ کے کامیابی سے خاتمے کے لیے امریکہ جبکہ دنیا میں اپنی تنہائی ختم کرنے اور امریکہ کے بعد دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی قوت بننے میں چین کی مدد کی۔

کسنجر نے نو سے گیارہ جولائی سن انیس سو اکہتر کو بیجنگ کا جو تین روزہ دورہ کیا اس کے لیے پاکستان کی مدد سے پس پردہ تیاریاں لگ بھگ دو سال قبل سے جاری تھیں۔ اس کی وجہ صدر نکسن کے اقتدار میں آنے سے قبل ہی چین کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا عندیہ دیا جانا تھا۔

اس دورے کے لیے نہ صرف امریکی صدر رچرڈ نکسن بلکہ خود ہنری کسنجر نے بھی پاکستان کے کردار کی کھل کر تعریف کی۔ کسنجر نے بعد میں آنے والے سالوں میں بھی واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے اسلام آباد کے کردار کو بارہا سراہا ۔

'نقلی کسنجر ‘

امریکہ اور چین کے مابین تعلقات معمول پر لانے کے لیے کردار ادا کرتے وقت پاکستان اندرونی طور پر مخدوش صورتحال کا شکار تھا۔ یہ وہ وقت جب ملک میں انتخابات ہونے کے باوجود حکومت سازی تاخیر کا شکار تھی جبکہ مشرقی پاکستان میں شورش برپا تھی اور ملک کے دونوں حصوں سے بنگالی اور غیر بنگالی شہریوں کی ہجرت جاری تھی۔

ان حالات کے باوجود فوجی صدر یحیٰی خان کی حکومت نے اس وقت کے سیکرٹری خارجہ اور امریکہ میں پاکستانی سفیر کے ذریعے اس دورے کو خفیہ رکھنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

اسی منصوبہ بندی کے تحت ہنری کسنجر کے دورے کو غیر اہم دکھانے کے لیے تاثر دیا گیا کہ وہ محض آرام کی غرض سے پاکستان کے پر فضاء سیاحتی مقام مری کے دورے پر آئے ہیں۔ بعد میں اس تاثر کی مضبوطی کے لیے ایک 'نقلی کسنجر‘ کی سربراہی میں ایک وفد کو حقیقت میں مری بجھوایا بھی گیا۔

خطے میں تبدیلیاں، پاکستان کا رجحان چین اور وسطی ایشیا کی جانب بڑھ رہا ہے

داغدار ماضی

ویتنام میں تباہ کن امریکی جنگ کو 'عزت کے ساتھ‘ ختم کرنے کے لیے نکسن کی کوششوں کی قیادت کرتے ہوئے، کسنجر نے ہنوئی میں ویتنامی باغیوں کی سپلائی لائنوں کو منقطع کرنے کی امید میں ہمسایہ ممالک کمبوڈیا اور لاؤس میں خفیہ طور پر بمباری کا حکم دیا۔

 کچھ مورخین کا اندازہ ہے کہ بمباری کی ان مہمات میں لاکھوں شہری مارے گئے۔ کسنجر جنوری 1973ء میں پیرس میں مذاکرات کے ذریعے ویتنام میں جنگ بندی پر پہنچے اور انہیں متنازعہ طور پر نوبل امن انعام سے نوازا گیا، جسے ہنوئی کے لی ڈک تھو نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

اس کے علاوہ کسنجر پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان کیامریکہ اور چین کے درمیان خفیہ ثالثی کے عوض سابقہ مشرقی پاکستان میں بنگالیوں کے خلاف مبینہ مظالم ڈھانے پر اسلام آباد کو سفارتی ڈھال فراہم کی۔

 کسنجر پر سرد جنگ کے امریکی اتحادی انڈونیشیا کو مشرقی تیمور پر قبضہ کرنے کے لیے بھی مبینہ طور پر گرین لائٹ دی تھی جس کے بعد وہاں 24 سال تک تنازعہ رہا۔ کسنجر نے ترکی جانب سے قبرص کے ایک تہائی حصے پر قبضہ کرنے کی مہم میں بھی خاموشی اختیار کی۔ اس کے ساتھ ساتھ کسنجر نےسابقہ سوویت یونین  اور کیوبا کے اتحادیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے افریقی ملک انگولا کی خانہ جنگی میں خفیہ امریکی مداخلت کی بھی قیادت کی۔

 کسنجر نے اپنا زیادہ وقت مشرق وسطیٰ کے لیے وقف رکھا اور 1973ء میں عرب ریاستوں کی طرف سے یوم کپور کی یہودی تعطیل پر اچانک حملے کے بعد ایک بڑے ہوائی جہاز کے زریعے اپنے اتحادی اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے آپریشن 'نکل گراس‘  کا اہتمام کیا۔ انہوں نے انتہائی سرعت کے ساتھ اسرائیل، مصر اور شام کے ساتھ  سفارتی روابط رکھتے ہوئے 'شٹل ڈپلومیسی‘ متعارف کرائی۔

اس کے ساتھ ساتھ کسنجر نے مؤثر طریقے سے ماسکو کا کردار محدود رکرتے ہوئے سب سے زیادہ آبادی والے عرب ملک مصر کے ساتھ تعلقات کو تبدیل کر دیا، جو اب امریکہ کا سکیورٹی پارٹنر اور واشنگٹن سے امداد وصول کرنے والا ملک بن گیا۔

ش ر ⁄ ک م (اے ایف پی)