1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلبرازیل

کھیلوں کی دنیا سے مختصر مختصر

افسر اعوان اے ایف پی، ڈی پی اے
18 اکتوبر 2022

سال کے بہترین فٹبالر کریم بن زیمہ قرار پائے ہیں جبکہ نیمار کے خلاف اسپین میں فراڈ کے مقدمے کی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ ادھر بھارت میں سارو گنگولی کی جگہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا سربراہ اب راجر بِنی کو چن لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4IKop
Sourav Ganguli
تصویر: AP

گنگولی کی جگہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ اب راجر بِنی

ورلڈ کپ کے فاتح راجر بِنی کو بھارت میں ملکی کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے اور وہ اب سارو گنگولی کی جگہ لیں گے۔ یہ بات بورڈ کے نائب صدر راجیو شُکلا نے صحافیوں کو بتائی۔

ان کا کہنا تھا کہ 67 سالہ راجر بِنی کو 'بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا‘ (BCCI) کی ممبئی میں ہونے والی میٹنگ میں  منتخب کیا گیا۔ بورڈ سیکرٹری جے شاہ کو ایک اور مدت کے لیے منتخب کر لیا گیا۔

سال کے بہترین فٹبالر کریم بن زیمہ

ریال میڈرڈ اور فرانس کی فٹبال ٹیم کے فارورڈ پلیئر کریم بن زیمہ نے پہلی مرتبہ گولڈن بال ٹرافی جیت لی ہے۔ یہ مؤقر ٹرافی سال کے بہترین فٹبالر کو دی جاتی ہے۔

گزشتہ 14 برسوں کے دوران یہ  ٹرافی اب تک 13 مرتبہ دی گئی ہے جن میں سے 12 مرتبہ یہ لیونل میسی اور رونالڈو میں سے ہی کسی کو ملی۔ کریم بن زیمہ نے 46 فٹبال میچوں میں 44 گول کیے اور ریال میڈرڈ کی چیمپئنز لیگ اور لا لیگا کی ٹرافیاں جیتنے میں مدد کی۔

Karim Benzema beim Golden Ball
یہ اعزاز حاصل کرنا بچپن کا خواب تھا، کریم بینزیماتصویر: Francois Mori/AP/picture alliance

بن زیمہ کے مطابق یہ اعزاز حاصل کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا اور اسے حاصل کر کے وہ بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔

نیمار کے خلاف اسپین میں فراڈ کے مقدمے کی کارروائی شروع

برازیلین فٹبالر نیمار جونیئر فراڈ اور بدعنوانی کے الزامات کے تحت قائم ہونے والے مقدمے کے سلسلے میں ایک ہسپانوی عدالت میں پیش ہوئے۔

پیرس ساں جرماں فٹبال ٹیم کے اسٹار کھلاڑی نیمار پر الزام ہے کہ انہوں نے 2013ء میں برازیل کے سانتوس کلب سے ایف سی بارسلونا میں منتقلی کے وقت اپنی ٹرانسفر فیس کو مبینہ طور پر کم کر کے بتایا تھا۔ برازیل کی سرمایہ کار کمپنی ڈی آئی ایس کے مطابق اصل رقم 82 ملین یورو تھی جبکہ رپورٹ صرف 17 ملین یورو کی گئی تھی۔

Spanien | Prozess Neymar
نیمار پر اگر یہ الزام ثابت ہو گیا تو انہیں دو برس قید اور 10 ملین یورو تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔تصویر: Joan Mateu Parra/AP Photo/picture alliance

نیمار پر اگر یہ الزام ثابت ہو گیا تو انہیں دو برس قید اور 10 ملین یورو تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اس مقدمے کا سامنا نیمار کے والدین، سانتوس کلب کے سابق سربراہ اوڈیلیو روڈریگیز اور ایف سی بارسلونا کے سابق صدور یوزیپ ماریا بارتومیو اور ساندرو روزیل بھی کر رہے ہیں۔