1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تیز رفتاری پر ڈرائیور کو ایک لاکھ اکیس ہزار یورو جرمانہ

7 جون 2023

فن لینڈ میں ایک گاڑی کے ڈرائیور کو جزائر آلینڈ پر تیز رفتار ڈرائیونگ کے جرم میں ایک لاکھ اکیس ہزار یورو جرمانہ کر دیا گیا۔ ملزم پچاس کلومیٹر کی حد رفتار والے زون میں بیاسی کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/4SJQ3
Grenzschild zu Finnland
تصویر: Peter Endig/ZB/picture alliance

شمالی یورپی ملک فن لینڈ میں پولیس کے مطابق ملزم ایک امیر شہری ہے اور یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسے بہت بھاری جرمانہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اسی ڈرائیور کو تین مرتبہ اوور سپیڈنگ کی وجہ سے بھاری جرمانہ کیا جا چکا ہے۔ لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ جرمانے کی رقم ایک لاکھ یورو کی حد بھی پار کر گئی۔

یورپی ڈیٹا قوانین کی خلاف ورزی، میٹا کو ریکارڈ 1.2 بلین یورو جرمانہ

اسکینڈے نیویا کی جمہوریت اور یورپی یونین کے رکن ملک فن لینڈ میں ٹریفک قوانین کی خاص بات یہ ہے کہ وہاں مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو جرمانہ ان کی سالانہ آمدنی کے مطابق کیا جاتا ہے۔

ملزم کا اظہار افسوس

پولیس کے مطابق فن لینڈ کے اس شہری کو ایک لاکھ 21 ہزار یورو (129,544 ڈالر کے برابر) جرمانہ کیا گیا ہے۔ جزائر آلینڈ کے سب سے بڑے اخبار نِیا آلینڈ نے لکھا کہ اس ڈرائیور کا نام آندرس وِکلوف ہے اور اسے پولیس نے ویک اینڈ پر اس وقت روکا تھا، جب وہ 50 کلومیٹر کی حد رفتار والے ایک زون میں 82 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

Finnland | Anders Wiklöf, Unternehmer (Mitte)
آندرس وِکلوف، درمیان میں، کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ جزائر آلینڈ کے امیر ترین باشندے ہیںتصویر: Pontus Höök/TT/IMAGO

اس اخبار نے اپنی گزشتہ روز کی اشاعت میں لکھا کہ وِکلوف کو اتنا بھاری جرمانہ کرنے کے علاوہ پولیس نے 10 روز کے لیے اس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کر دیا ہے۔ بعد میں اس ڈرائیور نے اخبار نِیا آلینڈ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسے بہت افسوس ہے کہ وہ اوور سپیڈنگ کا مرتکب ہوا۔

سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو جرمانہ

ساتھ ہی اس نے کہا، ''مجھے علم تھا کہ میں 70 کلومیٹر کی حد رفتار والے زون سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد رفتار والے زون میں داخل ہو رہا تھا۔ میں نے اپنی گاڑی کی رفتار کم کرنے کی کوشش کی تو تھی، مگر یہ رفتار بروقت کم نہ ہو سکی تھی۔‘‘

ملزم کو گزشتہ جرمانے

آندرس وِکلوف کو کیے جانے والے تازہ ترین جرمانے سے پہلے حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے کے الزام میں اسے 2018ء میں بھی 63 ہزار 680 یورو (تقریباﹰ 68 ہزار ڈالر) جرمانہ کیا گیا تھا۔

Haufen Banknoten von Euro Währung
فن لینڈ کا یہ شہری ٹریفک قوانین کی ایسی تین خلاف ورزیوں پر گزشتہ دس سال میں کُل دو لاکھ اسی ہزار یورو جرمانہ ادا کر چکا ہےتصویر: Wolfgang Filser/Zoonar/picture alliance

یہی نہیں بلکہ اس سے پانچ سال قبل 2013ء میں بھی اسے ایسے ہی ایک جرم کے ارتکاب پر 95 ہزار یورو (ایک لاکھ دو ہزار ڈالر) جرمانہ کیا گیا تھا۔ یوں اس نوعیت کے تین جرائم پر اسے اب تک کُل تقریباﹰ دو لاکھ اسی ہزار یورو جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

شراب پی کر ڈرائیونگ کرنے پر نینسی پیلوسی کے شوہر جیل میں

آندرس وِکلوف ایک ایسی ہولڈنگ کمپنی کا سربراہ ہے، جو مال برداری، ہیلی کاپٹر سروسز، پراپرٹی کی خرید و فروخت، تجارت اور سیاحت سمیت کئی شعبوں میں متعدد کاروباری اداروں کی مالک ہے۔ اس کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ وہ جزائر آلینڈ کا امیر ترین باشندہ ہے۔

جزائر آلینڈ کا علاقہ بحیرہ بالٹک میں فن لینڈ کا ایک قدرے خود مختار ریاستی خطہ ہے۔ یہ خطہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم اور فن لینڈ کے شہر تُرکُو کے درمیان خلیج بوتھنیا کے دہانے کے قریب ہی واقع جزائر پر مشتمل ہے۔

م م / ع ا (اے پی)