1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیڈا کے قطبی ریچھ تیزی سے ناپید ہو رہے ہیں: مطالعہ

1 جنوری 2023

ایک نئے سرکاری سروے کے مطابق، کینیڈا کے آرکٹک کے جنوبی سرے پر واقع ہڈسن بے کے مغربی حصے سے قطبی ریچھ تیزی سے غائب ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4LR61
Kanada Rückgang der Eisbären in Hudson Bay
تصویر: Sean Kilpatrick/The Canadian Press/AP Photo/picture alliance

کینیڈا اپنے قطبی ریچھوں کی وجہ سے غیر معمولی شہرت کا حامل رہا ہے۔ کچھ عرصے سے کینیڈا میں ریچھ ، بالخصوص مادہ ریچھوں اور ان کے بچوں کی تعداد میں ڈرامائی کمی  نوٹ کی گئی ہے۔ محققین ریچھوں کی تعداد اور آبادی کے بڑھنے کے رجحانات کا حساب لگانے اور ان کی گنتی کے لیے  ہر پانچ سال بعد کینیڈا کے چند مخصوص علاقوں، جن میں چرچل کا قصبہ بھی شامل ہے کا دورہ کرتے ہیں۔ چرچل ایک سیاحتی مقام ہے جسے ''قطبی ریچھوں کا عالمی دارالحکومت‘‘ کہا جاتا ہے۔

 اس سلسلے کا تازہ ترین سروے 2021ء اگست کے آخر اور ستمبر کے شروع میں کروایا کیا گیا۔  سروے کے دوران ماہرین نے  194ریچھوں کا مشاہدہ کیا جس کا مقصد بنیادی طور پر یہاں پائے جانے والے 618 ریچھوں کی کل آبادی کا تخمینہ لگانا تھا۔ جبکہ پانچ سال پہلے انریچھوں کی تعداد 842  ہوا کرتی تھی۔ سن2011 اور 2016ء کے فضائی سروے کے تخمینے سے موازنہ کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ  ویسٹرن ہڈسن بے کے ریچھوں کی آبادی میں کثرت سے کمی واقع ہو ہے۔

Klimawandel Eisbär auf Eischolle Freies Format
ماحولیاتی تبدیلی کے سبب برف پگھل رہی ہےتصویر: AP

مذکورہ سروے سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ کینیڈا میں دوہزار گیارہ اور دو ہزار اکیس کے درمیان بالغ اور نابالغ مادہ ریچھوں کی تعداد میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ محققین کے مطابق،'' قطبی ریچھوں کی تعداد میں کمی کا مشاہدہ موسمیاتی تبدیلی کے آبادیاتی اثرات کے حوالے سے ایک عرصے سے کی جانے والی  پیشگوئیوں کے عین مطابق ہے۔‘‘

انہوں نے پڑوسی علاقوں میں ریچھوں کی ممکنہ نقل مکانی اور آبادی میں کمی کے شکار کا بھی حوالہ دیا۔

اُدھر ریچھوں کے سمندری برفانی مسکن کا خطرناک شرح تک غائب ہونا گہری تشویش کا باعث ہے۔ اس کی بڑی وجہ شمال بعید میں گرمی اور درجہ حرارت کے باقی دنیا کے مقابلے میں چار گنا زیادہ تیزی سے بڑھنا رہی ہے۔ سمندری برف کی موٹائی کم  ہو گئی ہے جو موسم بہار کے شروع میں ٹوٹنا شروع ہو جاتی ہے اور بعد میں موسم خزاں میں جم جاتی ہے۔

Kanada Hudson Bay Beluga Wale
ہڈسن بے کے مغربی ساحلوں پر قطبی ریچھوں کی تیزی سے کمیتصویر: OLIVIER MORIN/AFP

ریچھ دراصل اپنی غذائی ضرورت پوری کرنے کے لیے سمندری جانور' سیلز‘ پر انحصار کرتے ہیں اور تولیدی عمل کے لیے انہیں برفانی جگہ پر موومنٹ یا حرکت کی ضرورت ہوتی ہے۔

امریکہ کے ''نیشنل سنو اینڈ آئس ڈیٹا سینٹر‘‘ کے اندازوں کے مطابق 1980 ء کی دہائی سے  ویسٹرن ہڈسن بے میں برف کی مقدار میں پچاس فیصد کمی ائی ہے۔ نیچر کلائمیٹ چینج نامی جریدے میں دو سال قبل شائع ہونے والی ایک رپورٹ نے ان خطرات کا اظہار کر دیا تھا کہ  جانوروں کی یہ اقسام  معدومیت کے قریب ہیں۔ اس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ  سن 1980 کی دہائی میں ہڈسن بے کے مغربی ساحلوں پر 1,200 قطبی ریچھ پائے جاتے تھے۔ جن کی تعداد اب بہت کم ہو گئی ہے۔

ک م/ ع ت( اے ایف پی)