1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کيا کشمير ميں نئے قوانين کا مقصد ہندو آبادکاری بڑھانا ہے؟

20 فروری 2021

اقوام متحدہ کے چند ماہرين نے بھارت کے زير انتظام کشمير ميں متعارف کردہ چند حاليہ قوانين پر تحفظات ظاہر کيے ہيں۔ بھارتی حکومت نے ان کے تاثرات رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ يہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔

https://p.dw.com/p/3pdU5
Indien Kaschmir | Safrananbauregion Pampore
تصویر: Tauseef MUSTAFA/AFP

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر سے وابستہ دو ماہرين نے اپنے ايک حاليہ بيان ميں کہا ہے کہ بھارت کے زير انتظام کشمير ميں انتظامی سطح پر تبديلياں، خطے کے مسلمانوں اور اقليتوں کے  سياست ميں کردار کو محدود کر سکتی ہيں۔ اقليتوں کے مسائل کے ليے مختص خصوصی نمائندے فرنينڈ ڈی ويرانس اور آزادی مذہب کے خصوصی نمائندے احمد شہيد کے مطابق حاليہ تبديليوں کے نتيجے ميں خطے کے لوگ بطور اقليت اپنے حقوق کے تحفظ کے ليے قوانين ميں تبديلی نہيں کروا سکتے۔ دونوں ماہرين نے يہ بيان گزشتہ جمعرات کو جاری کيا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور ديا کہ خطے کے مسلمانوں اور اقليتی گروپوں کے تحفظ کو يقينی بنايا جائے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں لوکل اليکشن کا انعقاد

بھارتی ڈومیسائل پالیسی: کشمیری سراپا احتجاج

ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر سے وابستہ ان دو ماہرين کا بيان ايک ايسے وقت پر سامنے آيا، جب اس سے ايک روز قبل ہی چوبيس ممالک کے مندوبين نے بھارت کے زير انتظام کشمير کا اپنا کئی روزہ دورہ مکمل کيا۔ اگست سن 2019 ميں نئی دہلی حکومت کی جانب سے کشمير کی خصوصی آئينی حيثيت کے خاتمے کے بعد يہ غير ملکی مندوبين کا اس نوعیت کا  تيسرا دورہ تھا۔ خارجہ امور کی وزارت کے اہلکار اور مسلح گارڈز ہر وقت افريقہ اور يورپی يونين سميت وسطی و جنوبی ايشيائی ممالک کے ان نمائندگان کے ساتھ تھے۔ بھارت کا دعوی ہے کہ ابتدائی بے چينی کے بعد اس کے زير انتظام کشمير ميں حالات اب معمول کے مطابق ہيں جبکہ پڑوسی ملک پاکستان کا موقف اس کے برعکس ہے۔

Indien Kaschmir-Konflikt nach Änderung Artikel 370
تصویر: Reuters/A. Dave

بھارتی حکومت نے کشمير کو حاصل خصوصی آئينی حيثيت  ختم کرتے ہوئے جموں و کشمير کو دو حصوں ميں بانٹ ديا اور انتظام وفاق کے ہاتھوں ميں لے ليا۔ ليکن اس کے بعد سے کئی ايسے قوانين متعارف کرائے، جنہيں چند مبصرين متنازعہ مانتے ہيں۔ حال ہی ميں متعارف کردہ ڈوميسائل سے متعلق قانون کے بارے ميں چند مبصرين کا ماننا ہے کہ اس کا مقصد خطے ميں ہندو آبادکاری کے ذريعے اس کی ڈيموگرافی تبديل کرنے کی کوشش ہے۔ اسی تناظر ميں فرنينڈ ڈی ويرانس اور احمد شہيد کا بيان بھی سامنے آيا۔

بھارتی رد عمل

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر سے وابستہ ان ماہرين کے بيان کا جواب ديتے ہوئے بھارتی خارجہ امور کی وزارت کے ترجمان انوراگ سریواستوا نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ماہرين نے بيان جاری کرنے سے قبل بھارتی رد عمل و جواب کا انتظار نہ کيا۔ سریواستوا کے مطابق بھارت کے زير انتظام کشمير بھارت کا حصہ ہے اور اس کی حيثيت کی تبديلی کا فيصلہ بھارتی پارليمان نے کيا۔ سریواستوا نے ايسے تاثرات کو رد کيا کہ نئے قوانين کے ذريعے خطے کی ڈيموگرافی بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خارجہ امور کی وزارت کے ترجمان نے مزيد کہا کہ ماہرين کو کسی نتيجے تک پہنچنے سے قبل کشمير کے مسائل کو بہتر طريقے سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔

پاک بھارت کشيدگی کی مختصر تاريخ

ع س / ک م (اے پی)