1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
انسانی حقوقشمالی امریکہ

پوڈ کاسٹ سے شہرت پانے والا عدنان سید کیس کیا ہے؟

2 اپریل 2023

میری لینڈ کے اپیل کورٹ نے عدنان سید کو ہائی اسکول دور کی اپنی گرل فرینڈ کے جرمِ قتل میں سنائی جانے والی سزا کو بحال کر دیا- اس مقدمے کو "سیریل" نامی پوڈ کاسٹ کے ذریعے بہت شہرت ملی تھی۔

https://p.dw.com/p/4PYmg
Adnan Syed
تصویر: Barbara Haddock Taylor/The Baltimore Sun via AP

عدنان سید کیس پر دنیا بھر کی توجہ اس وقت مرکوز ہوئی، جب ہفتہ وار پوڈ کاسٹ "سیریل" نے ایک امریکی صحافی کے ساتھ مل کر اس مقدمے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

عدنان سید، اپنی سابقہ گرل فرینڈ ہائے من لی کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد دو دہائیاں جیل میں گزار چکے ہیں۔یہ واقعہ سن 1999 کا ہے، جب لی کی عمر 18 سال اور عدنان سید 19 سال کے تھے۔ ریاستی اٹارنی کے دفتر کے مطابق اضافی ڈی این اے ٹیسٹ اور اس کیس میں دو دیگر مشتبہ افراد کے نام سامنے آنے کے بعد سید کے اس جرم میں ملوث ہونے کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا ہو گئے تھے۔ اس رپورٹ کے نتیجے میں ستمبر 2022 میں بالٹی مور کے جج نے سید کو سنائی جانے والی سزا ختم کر کے اس کو رہا کر دیا۔

Adnan Syed, aus dem Gefängnis entlassen
عدنان سید پر اپنی ایک سابقہ گرل فرینڈ ہائے من لی کے قتل کا الزام ہےتصویر: imago images

تاہم میری لینڈ کے اپیل کورٹ کا اس ضمن میں کہنا ہے  کہ سزا ختم کیے جانے کی سماعت میں مقتولہ کے بھائی یونگ لی کو ذاتی طور پر حاضر ہونے کے لیےکافی وقت نہیں دیا گیا اور اس بناء پر اپیل کورٹ نے عدنان سید کی سزا ختم کرنے کے فیصلے کو منسوخ کر دیا۔

اس کے بعد سید کی عمر قید کی سزا کو بحال کرتے ہوئے عدالت نے ایک نئی سماعت کا حکم دیا، جس میں لی ذاتی طور پر پیش ہوں گے اور سید کی قید ختم کرنے کی وجہ بننے والے دلائل بذات خود سنیں گے۔

مزید برآں عدالت نے فریقین کو 60 دن کا وقت دیا ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ سید کو فوری طور پر جیل واپس نہیں جانا پڑے گا۔ اس سلسلے میں سید کی اٹارنی ایریکا سوٹر کا کہنا ہے کہ وہ ریاستی عدالت سے اس کیس کا از سر نو جائزہ لینے کی درخواست کریں گی۔

عدنان سید کیس ہے کیا؟

ہائی اسکول کے دور میں سید اور ہائے من لی نامی ایک لڑکی ایک دوسرے کے ساتھ ریلیشن شپ میں تھے، جسے انہوں نے اپنے قدامت پسند والدین سے چھپا کر رکھا تھا۔ 1999ء میں لی لاپتہ ہو گئی تھیں اور بعد میں ان کی لاش ایک قبر سے برآمد ہوئی۔ قتل کے اس جرم میں ملوث ہونے پر سید کو 2000ء میں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

"سیریل" نامی پوڈ کاسٹ سیریز میں قتل کے اس واقعے کے مختلف پہلوؤں پر نظر ڈالی گئی۔ اس پوڈ کاسٹ میں قتل کے اسی طرح کے واقعات کو مختلف زاویوں سے بیان کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ کہتے ہیں کہ اسی پوڈ کاسٹ کی وجہ سے عدالت نے عدنان سید کی سزا ختم کی تھی۔ اس کے علاوہ امریکہ کے ایک ٹیلی وژن چینل 'ایچ بی او‘ نے اس واقعے پر ایک دستاویزی فلم بھی بنائی ہے۔

Aus Podcast «Serial» bekannter US-Fall: Mordurteil aufgehoben
عدنان سید کے اہل خانہ نے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ خارج ہونے کے بعد خوشی کا اظہار کیا تھاتصویر: Kenneth K. Lam /The Baltimore Sun/AP/picture alliance

 بالٹی مور کے سابقہ اسٹیٹ اٹارنی مارلن موسبی نے سید کے خلاف الزامات کو ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی اٹارنی کے دفتر نے اس کیس کا ایک سال تک جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ نکالا کہ سابق پراسیکیوٹرز کے سید کے دفاع کے لیے اضافی ڈی این اے ٹیسٹنگ اور دو متبادل مشتبہ افراد کو اس کیس میں ملوث نہ کرنے کے فیصلے نے سید کی سزا کو مشکوک بنا دیا ہے۔ 

اس سماعت میں شرکت کے لیے مقتولہ کے بھائی یونگ لی کو ذاتی طور پر کیلیفورنیا سے بالٹی مور تک کا سفر طے کرنے کے لیے صرف ایک دن کی مہلت دی گئی تھی۔ اس موقع پر عدالت نے لی کی جانب سے سماعت کو ایک ہفتے تک موخر کرنے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے اس سماعت میں شرکت کرنے کا کہا تھا۔

تاہم میری لینڈ کی اپیل کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بالٹی مور کی اس عدالتی کارروائی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ من لی کے اہل خانہ کو سماعت کے لیے ذاتی طور پر حاضر ہونے کے لیے نا کافی وقت دیا گیا جو کہ مقتولہ کے خاندان کے حقوق کی قانونی خلاف ورزی ہے۔ تاہم اس کے بعد میری لینڈ کے اپیل کورٹ نے عدنان سید کو سنائی جانے والی سزا بحال کر دی ہے-

ک ر ⁄ ع ا  سےعد