1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زکریا ایکسپریس میں خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی

30 مئی 2022

ملتان سے کراچی جانے والی زکریا ایکسپریس میں سوار کراچی کی ایک خاتون کو ٹرین کے عملے نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ ستائیس مئی کو پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/4C2cL
Pakistan | Proteste in Karatschi gegen Gewalt an Frauen
تصویر: Reuters

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کی ایک رہائشی اپنے بچوں سے ملنے ملتان گئی تھیں۔ وہاں سے واپسی پر وہ زکریا ایکسپریس میں سوار تھیں کہ ٹرین کے عملے نے ان کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی۔ پولیس میں درج رپورٹ کے مطابق، ''یہ خاتون 26 مئی کو اپنے بچوں سے ملنے مظفر گڑھ گئی تھیں۔ ان کے شوہر نے ایک ماہ سے کچھ عرصہ قبل انہیں طلاق دے دی تھی۔ خاتون نے اکانومی کلاس کا ٹکٹ خریدا اور اپنے بچوں سے ملنے کے لیے اس سفر پر روانہ ہو ئیں۔ کراچی واپسی کے لیے وہ مظفر گڑھ سے ٹرین پر سوار ہوئی تھیں۔ جب ٹرین روہڑی اسٹیشن کے قریب پہنچی تو زاہد نامی ٹکٹ چیکر نے انہیں ایئر کنڈیشنڈ بوگی کے ایک ڈبے کی لالچ دی اور وہاں لے جا کر عاقب نامی ایک اور شخص کے ساتھ مل کر ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور دونوں موقع سے فرار ہو گئے۔‘‘ 

Pakistan I Protest gegen Gewalt an Frauen
دوہزار بیس میں لاہور میں ایک خاتون کے ساتھ ان کے دو بچوں کے سامنے مبینہ گینگ ریپ کا واقعہ پبش آیا تھا تصویر: Arif Ali/AFP/Getty Images

بعض مقامی ذرائع کے مطابق اس گھناؤنے عمل میں ایک اور شخص بھی شامل تھا تاہم اُس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ خاتون نے کراچی پہنچ کر پولیس کے سامنے اپنے ساتھ ہونے والے اس واقعے کی تفصیلات بیان کیں اور مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔ دریں اثناء متاثرہ خاتون کا کراچی کے جناح ہسپتال میں معائنہ کرایا گیا۔

موٹر وے زیادتی کیس: جرائم کو فروغ دینے والا نظام کب بدلے گا؟

ایک خاتون مسافر کے ساتھ ٹرین میں مبینہ جنسی زیادتی کے اس واقعے کی خبر عام ہونے کے فوراً بعد انسپکٹر جنرل آئی جی پی ریلوے فیصل شاہکار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایک واقعے کی چھان بین کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔ اطلاعات کے مطابق انسپکٹر جنرل نے حکام کو ملزمان کی گرفتاری کا حکا جاری کر دیا ہے۔

ک م/ ع ا/ مقامی میڈیا