1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان انتخابات: ایک امیدوار کا قتل دوسرا گولی لگنے سے زخمی

11 جنوری 2024

شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے ایک آزاد امیدوار اور ان کے دو ساتھیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، اسی علاقے میں گزشتہ ہفتے ایک اور سیاسی رہنما کو گولی ماری گئی تھی۔ کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

https://p.dw.com/p/4b6Nr
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پاکستان میں قومی اور صوبائی انتخابات میں صرف چند ہفتے باقی رہ گئے ہیں
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پاکستان میں قومی اور صوبائی انتخابات میں صرف چند ہفتے باقی رہ گئے ہیںتصویر: Yousuf Khan/AA/picture alliance

شمالی وزیرستان میں پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ خیبر پختونخوا صوبے میں میران شاہ تحصیل کے تپی گاؤں میں بدھ کی شام کو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کردی جس میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار کلیم اللہ داوڑ ہلاک ہو گئے۔ اس حملے میں ان کے دو ساتھی بھی ہلاک ہو گئے جب کہ ایک دیگر شخص زخمی ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق ملک داوڑ پر اس سے پہلے بھی قاتلانہ حملے ہو چکے تھے لیکن وہ بچ گئے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ کلیم اللہ داوڑ تپی علاقے میں انتخابی مہم کے بعد اپنے گھر لوٹ رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی کار پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں ان کے ساتھ سفر کرنے والے مسرور خان اور محمد سخی نے بھی موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری فی الحال قبول نہیں کی ہے۔

سپریم کورٹ کا سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی کالعدم قرار دینے کا فیصلہ

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پاکستان میں قومی اور صوبائی انتخابات میں صرف چند ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے اسی علاقے میں سابق قانون ساز اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کے چیئرمین محسن داوڑ کو انتخابی مہم کے دوران گولی مار دی گئی تھی۔

پاکستانی فوج نے آئندہ عام انتخابات میں ای سی پی کو تعاون فراہم کرنے عزم کا اعادہ کیا
پاکستانی فوج نے آئندہ عام انتخابات میں ای سی پی کو تعاون فراہم کرنے عزم کا اعادہ کیاتصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

مسلم لیگ ن کے امیدوار پر بھی حملہ

ادھر ایک الگ واقعے میں بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسلم بلیدی پر بھی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔

بلوچستان کے وزیر اطلاعات جان اچکزئی کے مطابق بدھ کی شام کو تربت کے عیسیٰ نیشنل پارک میں مسلح افراد نے بلیدی کو نشانہ بنایا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوراً ہسپتال لے جایا گیا۔

کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر علی مردان ڈومکی اور متعدد سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے بلیدی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے "دہشت گردی کا حملہ" قرار دیا ہے۔

باجوڑ میں پولیس ٹرک کے قریب دھماکہ، پانچ اہلکار ہلاک

وزیر اعلیٰ ڈومکی نے محکمہ داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 انہوں نے کہا، "حملہ آوروں کو نہیں بخشا جائے گا، انہیں جلد ہی قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور حکومت آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔"

پاکستان الیکشن کمیشن نے ملک میں آٹھ فروری کو عام انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے
پاکستان الیکشن کمیشن نے ملک میں آٹھ فروری کو عام انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہےتصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

الیکشن کمیشن کا بیان

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان حملوں کے درپردہ کیا مقاصد کارفرما تھے۔ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں حملے کے اسباب کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش کررہی ہیں۔

پاکستان الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے ایک بیان میں کہا کہ میران شاہ کے امیدوار ملک کلیم اللہ کی بے وقت موت کا مجموعی انتخابی عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

خیال رہے کہ ای سی پی نے پاکستان میں آٹھ فروری کو عام انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے۔ حالانکہ گزشتہ ہفتے پاکستانی سینیٹ نے سکیورٹی خدشات اور شمالی علاقوں میں سخت سردی کا حوالہ دیتے ہوئے انتخابات کو مزید ملتوی کرنے کے لیے ایک غیر پابند قرار داد بھی منظور کی تھی۔

نتخابات میں التوا کے لیے سینٹ کی قرارداد پر شدید رد عمل

دریں اثنا پاکستانی فوج نے بھی آئندہ عام انتخابات میں ای سی پی کو تعاون فراہم کرنے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ "پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مدد کرنے والوں سے پوری طاقت کے ساتھ نمٹا جائے گا۔"

 ج ا/ ص ز (نیوز ایجنسیاں)