1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئٹر پر ’راجر فيڈرر جاگ اٹھو‘ کيوں ٹرينڈ کر رہا ہے؟

13 جنوری 2020

سويڈش ٹين ايجر نے تاريخ ساز ٹينس کھلاڑی راجر فيڈرر پر تنقيد کرتے ہوئے انہيں ان کی ماحولياتی ذمہ دارياں ياد دلائيں۔ يہ معاملہ ان دنوں ٹوئٹر پر کافی زور پکڑتا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3W6Zx
Großbritannien Roger Federer Pressekonferenz in London
تصویر: picture-alliance/Actionplus

سوئس ٹينس کھلاڑی راجر فيڈرر پر کريڈيٹ سوئيز کے ساتھ روابط کی وجہ سے ان دنوں کافی دباؤ ہے۔ يہ مالياتی ادارہ معدنی ايندھن کے کاروبار سے منسلک کمپنيوں کو قرضے فراہم کرتا رہا ہے اور ماحول کے ليے سرگرم کارکنان اس پر کافی برہم ہيں۔

ٹينس اسٹار راجر فيڈرر نے ماحول دوست کارکنان کی تنقيد کے رد عمل ميں ايک تحريری بيان جاری کيا ہے۔ فيڈرر نے کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہيں کہ انہيں ان کی ذمہ دارياں ياد دلائی گئيں۔ ليکن فيڈرر نے کمپنی کے ساتھ اپنی اسپانسرشپ ڈيل کے حوالے سے کوئی بات نہيں کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سويڈش ٹين ايجر گريٹا تھونبرگ کی تحفظ ماحول کے ليے شروع کردہ تحريک اور اس کے حاميوں کی قدر اور عزت کرتے ہيں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کو جاری کردہ اپنے بيان ميں فيڈرر نے لکھا، ''ميں موسمياتی تبديليوں کے اثرات اور ان سے لاحق خطرات کو کافی سنجيدہ ليتا ہوں، بالخصوص آسٹريليا آمد پر جنگلاتی آگ کی تباہ کارياں ديکھ کر۔‘‘

اڑتيس سالہ راجر فيڈرر ان دنوں آسٹريليا ميں سال کے پہلے گرينڈ سلام ٹورنامنٹ آسٹريلوی اوپن کی تياری کر رہے ہيں۔ گريٹا تھونبرگ نے پچھلے ہفتے ايک ٹوئيٹ کی، جس ميں انہوں نے فيڈرر سے کہا کہ وہ 'جاگ اٹھيں‘۔ تھونبرگ کا اشارہ معدنی ايندھن کے کاروبار سے منسلک کمپنيوں کو بھاری بھرکم قرضے فراہم کرنے والے مالياتی ادارے کريڈيٹ سوئيز کے ساتھ فيڈرر کے روابط کی طرف تھا۔ بعد ازاں ٹوئٹر پر #RogerWakeUpNow کا ہيش ٹيگ ٹرينڈ کرنے لگا اور بہت سے لوگ اس بحث ميں شامل ہو گئے۔

ٹينس کے کئی نامور کھلاڑی بشمول راجر فيڈرر، سيرينا وليمز اور رافائل ناڈال بدھ 15 جنوری کو ایک میچ ميں شرکت کريں گے جس سے حاصل ہونے والی رقم سے آسٹريليا ميں کئی مقامات پر لگی جنگلاتی آگ کے متاثرين کی مدد کی جانا ہے۔

تنازعے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کريڈيٹ سوئيز نے کہا ہے کہ وہ اپنے صارفين کو ماحول دوست برنس ماڈلز اور کاربن کے کم اخراج والے طريقہ ہائے کار طرف لے کی کوشش کرے گی۔

ع س / ا ب ا، نيوز ايجنسياں