1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الزامات سنجیدگی سے جائزہ لیں گے، ملکہ الزبتھ

10 مارچ 2021

برطانوی ملکہ الزبتھ نے میگھن اور پرنس ہیری کی طرف سے خراب رویے اور نسلی تعصب کے الزامات کو سنجیدگی سے لینے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3qRNG
Meghan und Harry geben Interview bei CBS
تصویر: Harpo Productions/Joe Pugliese/REUTERS

برطانوی شاہی خاندان نے طویل مشاورت کے بعد منگل کو رات گئے ملکہ برطانیہ کی طرف سے ایک مختصر بیان جاری کیا۔ اس بیان میں انہوں نے نوجوان شاہی جوڑے کی شکایات پر اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ ''پورے خاندان کو یہ جان کر دکھ ہوا ہے کہ پچھلے چند برسوں میں ہیری اور میگھن کو کن مشکلات کا سامنا رہا۔‘‘

ملکہ الزبتھ نے  مزید کہا، ''جو معاملات اٹھائے گئے ہیں، خاص کرکے نسل کے حوالے سے، وہ پریشان کُن ہیں۔‘‘

تاہم اپنے بیان میں انہوں نے یہ بھی تاثر دیا کہ برطانوی شاہی خاندان  تمام الزامات سے متفق نہیں۔ ان کے مطابق اصل میں ہوا کیا تھا، اس بارے میں لوگوں کی ''یاداشت الگ الگ ہو سکتی ہے‘‘۔ تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ ان الزامات کو ''سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور انہیں خاندان میں اندرونی طور حل کیا جائے گا۔‘‘

UK Monarchie l Prinz Harry und Herzogin Meghan
تصویر: picture-alliance/AP/M. Dunham

برطانوی شاہی خاندان پر دو روز سے دباؤ تھا کہ وہ میگھن اور پرنس ہیری کے سنگین الزامات کا جواب دیں۔

مبصرین کے مطابق شاہی محل کی طرف سے جاری کیے جانے والے مختصر بیان سے واضح ہے کہ برطانوی خاندان مزید اس معاملے پر بات نہیں کرے گا اور اب جو بھی ہوگا وہ پسِ پردہ اور نجی طور پر ہوگا۔

امریکا کی مشہور میزبان اوپرا وِنفری کو دیے گئے غیرمعمولی انٹرویو میں میگھن اور پرنس ہیری نے پہلی بار تفصیل سے بتایا کہ برطانوی شاہی خاندان کے اندر ان کے ساتھ کتنا خراب سلوک ہوا۔ اس حوالے سے انہوں نے نسلی تعصب، اپنی ذہنی صحت اور میڈیا کے کردار پر کھل کر بات کی۔

اس انٹرویو نے دنیا میں برطانوی شاہی خاندان کی ساکھ کو بظاہر گہرا نقصان پہنچایا ہے۔

میگھن اور ہیری پر کیا گزری؟

انٹرویو میں میگھن نے انکشاف کیا کہ شاہی خاندان کا حصہ ہونے کے دوران انہیں اس وقت نہایت دکھ پہنچا جب ان کے بیٹے آرچی کی پیدائش سے پہلے شاہی خاندان کے ایک رکن نے پرنس ہیری سے جاننا چاہا کہ کیا وہ جانتے ہیں کہ ان کے بچے کی ر نگت ''کتنی سانولی‘‘ ہوگی۔

میزبان اوپرا ونفری کے مطابق پرنس ہیری نے انہیں یہ نہیں بتایا کہ یہ بات خاندان کے کس رکن نے کہی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے واضح کیا کہ اس بات کا ان کی دادی ملکہ برطانیہ یا دادا پرنس فلپ سے کوئی تعلق نہیں۔

UK Monarchie l Prinz Harry und Herzogin Meghan
تصویر: picture-alliance/AP/A. Grant

میگھن نے مزید بتایا جس وقت وہ حاملہ تھیں ان پر واضح کردیا گیا تھا کہ شاہی خاندان کی طرف سے ان کے بچے کو شہزادے کا درجہ نہیں ملے گا اور نہ ہی کوئی شاہی لقب یا سکیورٹی پروٹول مہیا کیا جائے گا۔

میگھن کے مطابق شاہی خاندان کے اندر ان کی زندگی اتنی اجیرن ہوگئی تھی کہ انہیں اپنی جان لینے کے خیالات آتے تھے۔ جب انہوں نے اس حوالے سے مدد مانگی تو ان کے مطابق شاہی خاندان سے انہیں کوئی رہنمائی نہ ملی۔

پرنس ہیری کے مطابق اس دوران جب برطانوی میڈیا میں ان کی اہلیہ کے رنگ و نسل کے حوالے سے مسلسل حملے کیے جارہے تھے، برطانوی شاہی خاندان میں سے کسی نے بھی ان کی دل جوئی نہیں کی اور کوئی ان کے حق میں نہیں بولا، جس کا انہیں ''دکھ‘‘ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرحلے پر ان کے والد پرنس چارلس نے بھی ان سے فون پر بات کرنا چھوڑ دی تھی۔

ش ج / ا ب ا (اے ایف پی، اے پی)