1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موسولینی کے بھائی کے نام پر پارک؟ وزیر کو مستعفی ہونا پڑ گیا

27 اگست 2021

اٹلی میں ایک وزیر کو ایک پارک کا نام ماضی کے ڈکٹیٹر بینیٹو موسولینی کے بھائی آرنالڈو کے نام پر رکھنے کی تجویز دینے پر مستعفی ہونا پڑ گیا۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران بینیٹو موسولینی نازی جرمن رہنما اڈولف ہٹلر کا حلیف تھا۔

https://p.dw.com/p/3zZyX
Adolf Hitler with Benito Mussolini September 1937
نازی جرمن رہنما اڈولف ہٹلر، دائیں، اور اطالوی فاشسٹ ڈکٹیٹر بینیٹو مسولینی کی انیس سو سینتیس میں لی گئی ایک تصویرتصویر: picture-alliance/CPA Media Co. Ltd

اطالوی دارالحکومت روم سے ستائیس اگست کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم ماریو دراگی کی کابینہ کے جونیئر وزیر کلاؤڈیو دُوریگون اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ ان کے انتخابی حلقے اور ملکی دارالحکومت روم سے جنوب کی طرف واقع شہر لاٹینا میں  واقع ایک پارک کا نام بدل کر آرنالڈو موسولینی کے نام پر رکھ دیا جائے۔

بینیٹو موسولینی کا معتمد آرنالڈو موسولینی

دراگی حکومت میں معیشت اور خزانے کے جونیئر وزیر کلاؤڈیو دُوریگون نے اپنی تجویز میں کہا تھا کہ 1922 سے لے کر 1943 تک اٹلی پر حکومت کرنے والے فاشسٹ ڈکیٹر بینیٹو موسولینی کے بھائی آرنالڈو ایک صحافی اور ماہر زراعت تھے اور لاٹینا کے قصبے میں ایک مشہور پارک کا نام بدل کر آرنالڈو موسولینی کے نام پر رکھا جانا چاہیے۔

اٹلی میں دائیں بازو کی نئی سیاسی مہم: پارک کا نام تبدیل کریں

مگر جس بات پر اپنی تجویز میں جونیئر وزیر دُوریگون نے کوئی زور نہیں دیا تھا، وہ یہ تھی کہ آرنالڈو موسولینی اپنے بھائی بینیٹو موسولینی کے بہت قریبی معتمد بھی تھے۔

Berühmte Schauspielerfamilien Sophia Loren
ماضی کی معروف اطالوی اداکارہ صوفیہ لارین اپنی بھانجی اور بینیٹو مسولینی کی پوتی آلیساندرا کے ساتھ جو دائیں بازو کی اطالوی سیاستدان ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/epa/Ansa

انتہائی دائیں بازو کی پارٹی کی طرف سے حمایت

کلاؤڈیو دُوریگون کا تعلق اٹلی میں انتہائی دائیں بازو کی لیگ نامی عوامیت پسند سیاسی جماعت سے ہے۔ ان کی اس متنازعہ تجویز کی شروع میں لیگ پارٹی اور اس کے مرکزی رہنما ماتیو سالوینی نے بھی حمایت کی تھی۔ سالوینی کی پارٹی موجودہ وزیر اعظم دراگی کی متحدہ قومی حکومت میں شامل جاعتوں میں سے ایک ہے۔

 نازی دستوں کے ہاتھوں اطالوی فوجیوں کے قتل عام کے 75 سال

لیگ پارٹی گزشتہ کئی مہینوں سے خود کو انتہائی دائیں بازو کی ایک پاپولسٹ جماعت کے بجائے ایک اعتدال پسند پارٹی کے طور پر پیش کرنے کی کوششوں میں ہے۔

غلطی کا اعتراف

اٹلی میں خزانے اور معیشت کے جونیئر وزیر دُوریگون کی تجویز اتنی غیر متوقع تھی کہ ملک بھر میں اس پر شدید تنقید شروع ہو گئی تھی۔ یہاں تک کہ خود ان کی اپنی جماعت کے کئی رہنما بھی ان پر تنقید کرنے لگے تھے۔

Kommission stimmt für Prozess gegen Salvini
انتہائی دائیں بازو کے اطالوی سیاستدان اور لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینیتصویر: picture-alliance/dpa/F. Cimaglia

دوسری عالمی جنگ: سوویت یونین پر نازی حملہ شرمناک تھا، میرکل

اس بحث کا نتیجہ یہ نکلا کہ دُوریگون کو اپنے وزارتی عہدے سے استعفیٰ دینا پڑ گیا۔ استعفیٰ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ''میں اعتراف کرتا ہوں کہ مجھ سے لاٹینا میں ایک پارک کا نام بدل دینے کی تجویز کے حوالے سے غلطی ہوئی۔ لیکن میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نہ تو کوئی فاشسٹ ہوں اور نہ کبھی فاشسٹ رہا ہوں۔‘‘

متنازعہ تجویز کی وضاحت

کلاؤڈیو دُوریگون 2018ء سے اطالوی پارلیمان کے رکن چلے آ رہے ہیں۔ جب ان کی جماعت موجودہ مخلوط حکومت میں شامل ہوئی، تو انہیں خزانے اور معیشت کا جونیئر وزیر بنا دیا گیا تھا۔

انہوں نے اپنی متنازعہ تجویز کے حق میں دلیل یہ دی تھی کہ وہ لاٹینا میں پارک کا نام بدل کر موسولینی خاندان کے لیے اظہار عقیدت نہیں کرنا چاہتے تھے، بلکہ مقصد اس علاقے کی تاریخی اہمیت کو سامنے لانا تھا۔

فوائد بھی، نقصانات بھی: جرمنی کا وفاقی نظام کیسے کام کرتا ہے؟

اس پارک کی خاص بات یہ ہے کہ یہ لاٹینا اور اس کے ارد گرد کے نشیبی خطے میں 1930 کی دہائی میں وسیع تر دلدلی زمین کو صاف کر کے بنایا گیا تھا۔ اسی لیے یہ منصوبہ موسولینی حکومت کے سب سے بڑے عوامی تعمیراتی منصوبوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

لاٹینا کا پارک اس وقت دو مقتول ججوں سے موسوم

کلاؤڈیو دُوریگون نے لاٹینا کے جس پارک کا نام آرنالڈو موسولینی پارک رکھنے کی تجویز دی تھی، وہ 2017ء سے دو ایسے معروف اطالوی ججوں سے موسوم ہے، جنہیں قتل کر دیا گیا تھا۔

’رائش ٹاگ‘ میں جرمن پارلیمان کا پہلا اجلاس: 150 برس قبل

پاؤلو بورسیلینو اور جیوانی فالکونے نامی یہ دونوں جج اطالوی مافیا گروپوں کے خلاف اپنے عدالتی فیصلوں کی وجہ سے بہت شہرت اختیار کر گئے تھے۔ بعد ازاں انہیں قتل کر دیا گیا تھا، جس کا سبب بظاہر ان کے عدالتی فیصلے ہی بنے تھے۔

ماتیو سالوینی کا بیان

اپنی جماعت کے اس وزیر کی طرف سے استعفے کے اعلان کے بعد لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینی نے ایک بیان میں کلاؤڈیو دُوریگون کی بطور جونیئر وزیر خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

کیا ویانا کی بدنام زمانہ ’ہٹلر بالکونی‘ پبلک کے لیے کھولی جانا چاہیے؟

سالوینی نے اس بیان میں کہا، ''وہ اٹلی اور لیگ پارٹی کے لیے اپنی محبت کی وجہ سے مستعفی ہوئے ہیں اور اس لیے بھی کہ ان کے ملکی کابینہ میں رہنے کی وجہ سے موجودہ حکومت کی کارکردگی سست نہ ہو جائے۔‘‘

م م / ش ح (روئٹرز، اے ایف پی)