1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہسویڈن

لائسنس کے بغیر رقص پر سزا، سویڈن کا ستر سال پرانا قانون ختم

28 مئی 2023

اسکینڈے نیویا کی بادشاہت سویڈن میں ایک ایسا ستر سال پرانا قانون اب ختم ہو جائے گا، جس کا تعلق رقص سے ہے۔ اس قانون کے تحت بہت سے سویڈش نائٹ کلبوں اور شراب خانوں میں مہمانوں کی طرف سے اچانک رقص شروع کر دینا ممنوع ہے۔

https://p.dw.com/p/4RpIJ
Frankfurt Flughafen-Disco "Dorian Gray"
تصویر: Katja Lenz/dpa/picture-alliance

سویڈش دارالحکومت سٹاک ہوم میں ملکی پارلیمان نے تقریباﹰ 70 برس پرانے اس قانون کے خاتمے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ملکی نائٹ کلبوں، شراب خانوں اور ریستورانوں میں جانے والے مہمان وہاں آج بھی اچانک رقص کرنا شروع نہیں کر سکتے۔

فرانس: نائٹ کلبوں میں سوئیاں چُبھونے کے سینکڑوں پُراسرار واقعات

یہ قانون خاص طور پر ایسے نائٹ کلبوں اور شراب خانوں پر لاگو ہوتا ہے، جن کے پاس یہ لائسنس نہیں ہوتا کہ وہاں جانے والے مہمان ڈانس بھی کر سکیں۔ ماضی میں یہ قانون سازی مہمانوں کی سلامتی کے لیے کی گئی تھی اور اس کے تحت کسی بھی کلب میں رقص کرنے کے لیے آج بھی لازمی ہے کہ وہاں کوئی باقاعدہ ڈانس فلور موجود ہو۔ جہاں ڈانس فلور نہ ہو، وہاں مہمانوں کو رقص کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔

دوسری صورت میں اگر کسی کلب یا پب میں کوئی مہمان اچانک رقص شروع کر دے، تو انتظامیہ کے لیے اسے روکنا لازمی ہوتا ہے، ورنہ اس کلب، ریستوراں یا پب کو جرمانہ کرنے کے علاوہ اس کا شراب فروشی کا لائسنس بھی منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ سویڈن میں یہ قانون 1956ء سے نافذالعمل ہے مگر اب رواں برس یکم جولائی سے یہ ختم ہو جائے گا۔

برلن: پارٹیاں کرنے والے نصف افراد ایمفیٹامینز استعمال کرتے ہیں

Spanien Barcelona Disco Club
سویڈن میں کسی بھی نائٹ کلب یا شراب خانے میں مہمانوں کو رقص کی سہولت مہیا کرنے کے لیے لائسنس کا ہونا لازمی ہوتا ہےتصویر: PAU BARRENA/AFP/Getty Images

نئے قانونی تقاضے

تقریباﹰ سات عشرے پرانے اس قانون کے خاتمے کے ساتھ ساتھ سویڈش پارلیمان نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ ڈانس فلور کے بغیر ایسے عوامی مقامات پر مہمانوں کو آئندہ بھی یہ اجازت نہیں ہو گی کہ وہ وہاں یکدم رقص کرنا شروع کر دیں۔

تھائی لینڈ میں ’گناہ ٹیکس‘ نافذ ہو گیا

پھر بھی یکم جولائی سے اگر وہاں کوئی مہمان اچانک رقص کرنا شروع کر دے، تو متعلقہ انتظامیہ کے لیے اسے روکنا لازمی تو ہو گا، مگر ایسے بزنس کو اپنے لائسنس کی منسوخی کا خطرہ نہیں ہو گا۔

ایسے ہر کلب یا پب کا آئندہ بھی فرض ہو گا کہ وہ ڈانس فلور نہ ہونے کی صورت میں مہمانوں کو رقص کرنے کی اجازت نہ دے۔ تاہم اس کے باوجود اگر ایسا کوئی واقعہ پیش آئے، تو بعد میں ہی سہی مگر مقامی پولیس کو اس کی کم از کم زبانی اطلاع دینا بہرحال لازمی ہو گا اور جرمانے کا کوئی خطرہ بھی نہیں ہو گا۔

Schweden Stockholm | Coronavirus | Bars geöffnet
سویڈن میں اب تک نافذ قانون کے تحت کسی بھی نائٹ کلب یا پب میں کوئی بھی ایک یا زیادہ مہمان اگر اٹھ کر اچانک ڈانس کرنا شروع کر دیں تو انتظامیہ پولیس کو اطلاع دینے کی پابند ہوتی ہےتصویر: picture-alliance/AP Photos/TT News Agency/A. Lorestani

بوسیدہ قانون اور غیر ضروری سرکاری کارروائی

سویڈش پارلیمان نے اب تک نافذ یہ قانون ختم کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ یہ بہت پرانا ہو چکا ہے اور اسے غیر ضروری سرکاری کارروائی کی وجہ بننے والا ضابطہ قرار دیا جا رہا تھا۔

اسی لیے ملکی پارلیمان نے اس قانون کی منسوخی کا فیصلہ سویڈش حکومت کی سفارش پر کیا۔

ہم ڈانس کیوں کرتے ہیں: رقص کی سائنسی توجیحات

مزید یہ کہ مستقبل میں بھی سویڈن میں ڈانس صرف ایسے کلبوں، شراب خانوں اور ریستورانوں میں ہی کیا جا سکے گا، جن کے پاس باقاعدہ لائسنس اور ڈانس فلور ہوں گے۔

اس کے علاوہ عارضی طور پر کسی تقریب کے لیے مثلاﹰ کسی پارک وغیرہ میں اگر عوامی سطح پر رقص کا انتظام کیا جائے، تو بھی اس کے لیے حکام سے باقاعدہ پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہی رہے گا۔

م م / ع ا (ڈی پی اے)