1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیکٹ چیک: نینسی پیلوسی اور ہو شیجن، محبت کی جھوٹی کہانی

4 اگست 2022

نینسی پیلوسی اور ایک چینی صحافی کی مبینہ شادی کی وائرل ہونے والی تصویر، محض ایک طنز یا شدید نقصان کا باعث؟ ڈی ڈبلیو کی طرف سے اس تصویر کی حقیقت جاننے کے لیے کی گئی کوشش محققین کو کئی دہائیاں پیچھے لے گئی۔

https://p.dw.com/p/4F81j
DW Fact Check Artikelbild mit Verdict Englisch

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کا دورہ تائیوان سیاسی اور سفارتی طور پر ہلچل کا باعث بن گیا اور چینی حکومت اس پر چراغ پا ہے۔

امریکی وفد کا دورہ انٹرنیٹ پر بھی زیر بحث رہا۔ تاہم اس دورے کے حق اور مخالفت میں دلائل اور تائیوان کے لیے امریکی حمایت کے علاوہ اب جھوٹے دعوے اور جعلی مواد بھی گردش کر رہا ہے۔ دیگر چیزوں کے علاوہ ایک اور کہانی بھی ہے جسے زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چا ہیے۔

دعویٰ:  ایک ٹویٹر صارف نےامریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر اور چین کے گلوبل ٹائمز اخبار کے سابق ایڈیٹر ان چیف کی مبینہ شادی کی ایک تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا ''جب وہ چھوٹے تھے: نینسی پیلوسی اور ہو شیجن‘‘

تائیوان کے قریب چین کی' غیر معمولی' فوجی مشقیں شروع

ڈی ڈبلیو فیکٹ چیک کا نتیجہ: جعلی

یہ تصویر فوٹو شاپ کی گئی تھی۔ یہ دو پرانی تصاویر پر مشتمل ہے جو ایک ساتھ رکھی گئی ہیں: ایک میں نوجوان نینسی پیلوسی کو اصل میں دکھایا گیا ہے۔ تاہم ہو شیجن کے ساتھ نہیں بلکہ ان کے اپنے خاندان کے ساتھ۔  اس تصویر میں پیلوسی کے ساتھ ان کے والد تھامس ڈی الیسنڈرو جونیئر بھی بیٹھے ہیں جو ایک امریکی سیاست دان تھے۔ بائیں جانب سے تیسرے نمبر پر بیٹھی ہوئی  پیلوسی نے 'فلِکر‘ پر تصویر پوسٹ کی جس کا عنوان تھا، ''ایک نوجوان لڑکی کے طور پر خاندان کے ساتھ‘‘ یہ تصویر پیلوسی کی انتخابی مہم کے ایک صفحے پر بھی شائع ہوئی تھی۔

ELA Analyse von Fakebild Pelosi und Hu
تصویر: Forensically

دوسری تصویر میں نوجوان ہو شیجن کو دکھایا گیا ہے۔ ایک ریورس امیج سرچ  کے نتیجے میں بطور صحافی ہو شیجن کی طرف سے کی گئی ایک ٹویٹ سامنے آتی ہے، جس میں وہ چینی فوج میں اپنے وقت کے بارے میں لکھتے ہیں، ''ناقابل فراموش سال‘‘ اور اس میں وہ تصویر بھی شامل ہے جو اب مبینہ شادی کی تصویر کی شکل میں نظر آتی ہے۔

پیلوسی اور شیجن کی عمروں میں فرق

 اس مبینہ شادی کی تصویر کے دونوں حصوں کا سراغ آرکائیو اور ریورس امیج سرچ کے ذریعے لگایا جاسکتا ہے۔ اس تصویر کا فرانزک تجزیہ بھی کیا گیا، جو مختلف رنگوں اور پکسلز میں فرق کا پتہ دیتا ہے۔ ان عوامل کی موجودگی میں یہ تصویر جعلی ثابت ہوتی ہے،  جسے کچھ صارفین طنز سمجھ رہے تھے، لیکن چند دوسروں کویہ حقیقی بھی لگی تھی۔

اس تصویر کی جانچ کے لیے  پیلوسی اور شیجن کے درمیان عمروں کا فرق پہلا پیمانہ ہونا چاہیے تھا۔ پیلوسی کی عمر 82 سال ہے جبکہ ہو شیجن  ان سے 20 سال چھوٹے ہیں۔

 1960ء میں امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے ساتھ لی گئی اس تصویر میں پیلوسی کی عمر مبینہ شادی کی تصویر سے ملتی جلتی ہے جبکہ شیجن 1960ء میں ابھی  پیدا ہوئے تھے۔

Taiwan Nancy Pelosi, während eines Treffens mit der taiwanesischen Präsidentin Tsai Ing-wen
تصویر: ASSOCIATED PRESS/picture alliance

ایک سنجیدہ پس منظر کے ساتھ جعلی تفریح

تو یہ جعلی تصویر کیوں بنائی گئی؟ بظاہر، یہ صرف انٹرنیٹ صارفین کی طرف سےکیا گیا ایک مذاق  تھا۔ ہو شیجن نینسی پیلوسی کے تائیوان کے دورے کے سخت ناقدین میں شامل ہیں۔ انہوں نے چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر سوال اٹھایا، '' کیا پیلوسی کو تائیوان کا دورہ کرنا چاہیے؟ ‘‘پھر شیجن نے ''جوابی فوجی اقدامات‘‘ کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ''واحد زبان ہے جسے امریکہ اور تائیوان سمجھتے ہیں۔‘‘

انہوں نے ٹوئٹر پر  یہاں تک بھی لکھا کہ  اگر پیلوسی کا طیارہ تائیوان جاتے ہوئے راستے سے ہی واپس نہیں پلٹتا تو چینی پیپلز لبریشن آرمی کو یہ طیارہ ''مار گرانا‘‘چاہیے ۔ اس کے نتیجے میں ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ عارضی طور پر بلاک کر دیا گیا اور بعد میں شیجن نے یہ ٹویٹ ڈیلیٹ بھی کر دی تھی۔

پیلوسی اور شیجن کی شادی کی اس تصویر کا صرف اتنا سا پس منظر معلوم ہوتا ہے کہ بہت سے صارفین کو ان دونوں کا تصویر میں ایک جوڑے کے طور پر دیکھنا مضحکہ خیز لگا۔

یوشا ویبر، راحل بیگ (ش ر⁄ اب ا)