1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ثقافتفرانس

مشہور فیشن ڈیزائنر پاکو رابان کی موت، ایک عہد کا خاتمہ

3 فروری 2023

پیدائشی طور پر اسپین سے تعلق رکھنے والے اور عالمی شہرت کے حامل فیشن ڈیزائنر پاکو رابان اٹھاسی برس کی عمر میں فرانس میں انتقال کر گئے۔ وہ اسپین میں باسک کے خطے کے ایک گاؤں میں انیس سو چونتیس میں پیدا ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/4N5Cm
تصویر: Carlos Alvarez/Getty Images

پاکو رابان کا پیدائشی نام فرانسسکو رابانیڈا ای کوئروو تھا اور ان کا انتقال فرانس میں بریٹنی کے علاقے میں پورٹسال کے مقام پر ہوا۔ ان کی موت کی بہت بڑے ہسپانوی کاروباری گروپ پِیوگ (Puig) کے ایک ترجمان نے بھی جمعہ تین فروری کے روز تصدیق کر دی۔

فیشن کی دنیا پر راج، گوچی نے سو سال مکمل کر لیے

پاکو رابان نے سالہا سال کی محنت سے کئی بڑے بڑے کمرشل برانڈز والا جو بزنس گروپ قائم کیا تھا، اسے ہسپانوی بزنس کمپنی پِیوگ ہی کنٹرول کرتی ہے۔ پاکو رابان نے اپنے اس کاروبار اور پاکو رابان نامی لیبل کی قیادت قریب دو عشرے قبل چھوڑ دی تھی۔

عالمی شہرت اور کامیابی کے حامل اس ہسپانوی نژاد فیشن ڈیزائنر نے خاص طور پر 1960ء کی دہائی میں جو مصنوعات ڈیزائن کی تھیں، وہ اپنے مجموعی دھاتی تاثر اور خلائی سفر کے عہد کی عکاس ہونے کی وجہ سے بہت تہلکہ خیز قرار دی گئی تھیں۔

ان کی موت کے بعد پِیوگ گروپ کے سربراہ مارک پِیوگ نے کہا، ''وہ فیشن کی دنیا کی ایک بہت بڑی شخصیت تھے، بہت باہمت سوچ کے مالک، اپنے عمل میں انقلابی اور ساتھ ہی ساتھ قدرے اشتعال انگیزی پر یقین رکھنے والے بھی، جنہوں نے اپنی تخلیقی سوچ اور جمالیاتی تصورات کو بہت ہی منفرد انداز میں دنیا تک پہنچایا۔‘‘

عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی فیشن ڈیزائنر پیئر کارداں انتقال کر گئے

Paco Rabanne Parfüm
پاکو رابان کے تیار کردہ چند پرفیومزتصویر: Inna Talan/PantherMedia/IMAGO

اسپین کے ایک باسک گاؤں میں پیدا ہونے والے پاکو رابان فرانس میں ہی پلے بڑھے تھے اور انہوں نے پیرس کے مشہور زمانہ اسکول آف فائن آرٹس سے فن تعمیرات کی تعلیم بھی حاصل کی تھی۔

انہوں نے اپنے کیریئر کی ابتدا ہینڈ بیگز اور جوتوں کے اسکیچز بناتے ہوئے کی تھی، جس کے بعد وہ فیشن کی دنیا میں داخل ہو گئے تھے اور پھر انہوں نے ڈیزائنر ملبوسات اور زیورات بھی ڈیزائن کرنا شروع کر دیے تھے۔

جرمنی میں سینڈلز بھی اور موزے بھی، وجہ کیا ہے؟

پاکو رابان نے فیشن کی دنیا کے بعد پرفیومز کی دنیا میں صحیح معنوں میں قدم اس وقت رکھا تھا جب انہوں نے اسپین کے ایک مشہور کاروباری خاندان پِیوگ کے ساتھ 1960ء کے عشرے میں کاروباری اشتراک عمل شروع کیا تھا۔

اس کے بعد ہی انہوں نے پرفیومز کے اپنے برانڈ پاکو رابان کو اتنی ترقی دی تھی کہ وہ بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والا ایک بہت بڑا نام بن گیا تھا۔

م م / ع ت (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)

Frankreich Designer Paco Rabanne
ہسپانوی نژاد فرانسیسی ڈیزائنر پاکو رابان انیس سو پینسٹھ میں اپنے ایک میٹل ڈریس کی تیاری پر کام کرتے ہوئےتصویر: Keystone/Hulton Archive/Getty Images