1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہیوکرین

روس دو لاکھ بچوں کو زبردستی اٹھا لے گیا، یوکرینی صدر

2 جون 2022

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ماسکو پر یوکرین سے دو لاکھ بچوں کو زبردستی اٹھا کر روس لے جانے کا الزام لگایا ہے۔ زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین اس حرکت کے لیے ذمہ دار افراد کو سزا دے گا۔

https://p.dw.com/p/4CACU
Ukraine Invasion Russlands Donbass
تصویر: Aris Messinis/AFP/Getty Images

زیلنسکی نے بدھ کو، بین الاقوامی یوم اطفال کے موقع پر، قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "اس مجرمانہ پالیسی کا مقصد صرف لوگوں کو چرانا نہیں ہے بلکہ روس چاہتا ہے کہ جن لوگوں کو اٹھا کر لے گیا ہے وہ یوکرین کو بھول جائیں اور کبھی واپس لوٹ نہ سکیں۔"

یوکرینی صدر نے کہا کہ ماسکو جن دو لاکھ بچوں کو زبردستی روس لے گیا ہے ان میں یتیم خانوں میں رہنے والے بچے اور اپنے خاندان سے الگ ہوجانے والے بچوں کے علاوہ ایسے بچے بھی شامل ہیں جنہیں ان کے والدین سے زبردستی چھین لیا گیا۔

وولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ جو لوگ بھی اس حرکت کے لیے ذمہ دار ہیں یوکرین انہیں سزا دے گا۔ تاہم اس سے پہلے وہ روس کو یہ دکھا دے گا کہ یوکرین کو فتح نہیں کیا جاسکتا، اور ہمارے عوام خودسپردگی نہیں کریں گے اور ہمارے بچے قابضین کی جائیدادنہیں بنیں گے۔ "

یوکرینی صدر نے کہا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 243 بچے ہلاک ہوچکے ہیں، 446  زخمی ہوئے ہیں اور 139لاپتہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہے کیونکہ جن علاقوں پر روسی فوج نے قبضے کررکھے ہیں وہاں کی پوری تصویر ان کی حکومت کے پاس دستیاب نہیں ہے۔

Ukraine Region Luhansk | Rauch über Lyssytschansk | Ukrainische Soldaten
تصویر: Rick Mave/ZUMA Wire/IMAGO

ہر روز یوکرین کے 100 تک فوجی ہلاک ہو رہے ہیں

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے امریکی نیوز گروپ نیوز میکس کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ ملک کے مشرق میں حالات بہت خراب ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میدان جنگ میں ہر روز 60 سے 100 کے قریب یوکرینی فوجی ہلاک ہورہے ہیں جبکہ 500 تک زخمی ہو رہے ہیں۔

یوکرینی فوج کی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکت اس لیے ہورہی ہے کیونکہ وہ انتہائی مشرقی علاقے لوگانسک پر روسی فوج کے مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں کی پوری طاقت کے ساتھ ناکام بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ روسی فوج نے طویل محاصرہ اور شدید گولہ باری اور بمباری کے بعد سیوردونتسک شہر پر قبضہ کرنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

زیلنسکی نے کہا کہ مشرق میں ہم پوری شدت کے ساتھ اپنا دفاع کررہے ہیں۔

اس دوران روسی فوج کی بھی بڑے پیمانے پر نقصانا ت کی اطلاعات ہیں۔ یوکرینی حکومت کے مطابق 24فروری سے شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے اب تک روس کے 30 ہزار سے زائد فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

جنگ تو کل ختم ہوسکتی ہے اگر...

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ جنگ تو کل ختم ہوسکتی ہے اگر روس یوکرین پر اپنی جارحیت روک دے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ فی الحال اس کے ختم ہونے کی کوئی علامت انہیں نظر نہیں آرہی ہے۔

انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ امریکہ کو لگتا ہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ ابھی کئی ماہ تک جاری رہے گی۔

ج ا/ ص ز  (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

روسی فوجیوں پر یوکرین میں جنسی استحصال کے الزامات

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید