1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا امیر ترین شخص کروڑوں بنانے والے شیئرز بیچنے پر راضی

8 نومبر 2021

ٹوئٹر پر کرائے جانے والے پول کے بعد ٹیسلا کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایلون مسک نے کمپنی میں اپنے دس فیصد شیئرز  فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیسلا دنیا کی سب سے زیادہ مالیت والی کار کمپنی ہے۔

https://p.dw.com/p/42j0c
Deutschland Grünheide | Tesla Gigafactory |  Elon Musk
تصویر: Patrick Pleul/dpa/picture alliance

الیکٹرک کاریں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایلون مسک نے گزشتہ ہفتے کے روز کہا تھا کہ وہ مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے جانے والے پول کے نتائج کا احترام کریں گے۔ ٹوئٹر پر اب یہ سروے مکمل ہو چکا ہے اور اس میں پینتیس لاکھ افراد نے اپنی رائے دی۔ شرکاء کی بھاری اکثریت 57.9 فیصد اس کے حق میں ہے کہ مسک ٹیسلا کے اپنے دس فیصد شیئرز فروخت کر دیں۔

مسک نے شیئرز بیچنے کی پیشکش کیوں کی؟

امریکا میں ان دنوں ایسی تجاویز پیش کی جا رہی ہیں کہ دولت مند افراد پر ٹیکسوں کی شرح بڑھائی جائے۔ برسر اقتدار جماعت ڈیموکریٹس کے سینیٹ میں ارکان نے تجویز پیش کی ہے کہ اربوں ڈالر کے مالکان کے اسٹاکس اور دیگر اثاثوں پر اضافی ٹیکس لگایا جائے۔ صدر جو بائیڈن ملک میں سماجی سطح پر بہتری کے لیے جو اقدامات کرنے والے ہیں، ان رقوم سے وہ اخراجات پورے کیے جانا ہیں۔

ٹیسلا کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایلون مسک کی جانب سے اپنے دس فیصد شیئرز فروخت کر دینے کے اعلان اور پول کے نتائج سامنے آنے کے بعد بازار حصص میں ٹیسلا کے شیئرز کی قدر میں کمی دیکھی گئی ہے۔ پیر کو فرینکفرٹ اسٹاک مارکیٹ میں ٹیسلا کے شیئرز کی قدر میں نو فیصد کی گراوٹ نوٹ کی گئی۔

اب اگر مسک اپنا کہا پورا کرتے ہیں، تو ٹیسلا کے اپنے دس فیصد شیئرز بیچ کر انہیں اکیس بلین ڈالر ملیں گے۔

میں ایلون مسک کیسے بنا؟

ایلون مسک آخر کتنے امیر ہیں؟

بلومبرگ نے مسک کی دولت کا تخمینہ 338 بلین ڈالر لگایا ہے، جس میں سے 208 بلین ڈالر ٹیسلا کے اسٹاک میں موجود ہیں۔ اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ٹیسلا کے تیئس فیصد شیئرز کے مالک ہیں، جو کہ دنیا کی سب سے زیادہ مالیت والی کار کمپنی ہے۔

سن 2020 کے آغاز میں ٹیسلا کے فی اسٹاک کی مالیت تقریباً 130 ڈالر تھی جو بڑھ کر اب فی اسٹاک 1,222 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ کمپنی کی مالیت اب ایک ٹریلین ڈالر سے بھی زیادہ ہے کیونکہ دنیا بھر میں الیکٹرک کاروں کی مانگ آسمان کو چھو رہی ہے۔

ٹیسلا کے سربراہ نے اس سے قبل ٹیسلا کے شیئرز سے حاصل ہونے والی آمدنی اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کو دینے کی تجویز پیش کی تھی-

مسک کا یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب ٹیسلا کے دوسرے شیئر ہولڈرز جیسے ایلون کے بھائی کمبل مسک اور فیوچر فنڈ کے گیری بلیک نے بھی اپنے اسٹاک فروخت کر دیے ہیں۔

ع س / ع ح (اے ایف پی، روئٹرز)