1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں ماموت کے ہزارو‌ں برس پرانے دانت کی دریافت

22 اگست 2012

جرمنی کے مغربی صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں کارکنوں کو کھدائی کے دوران ماضی کے ماموت کہلانے والے ایک عظیم الجثہ لیکن ناپید جانور کا ایک ایسا دانت ملا ہے جو دس ہزار برس سے بھی زیادہ پرانا ہے۔

https://p.dw.com/p/15txO
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن دارالحکومت برلن سے ملنے والی رپورٹوں میں خبر ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ ہزاروں سال پہلے ناپید ہو جانے والے ہاتھی کی طرح کے اس جانور کا یہ دانت صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے دارالحکومت ڈسلڈورف سے ملا ہے۔

ڈسلڈورف شہر میں آثار قدیمہ اور قدیم حیاتیات کے ماہرین کے لیے ایک بیش قیمت دریافت کی حیثیت رکھنے والا یہ حیوانی دانت مزدوروں کی ایک ایسی ٹیم نے اچانک دریافت کیا جو مقامی ریلوے کے زیر زمین نظام میں توسیع کے لیے شہر کے ایک حصے میں زمین کی سطح سے کافی گہرائی میں کھدائی کر رہی تھی۔

اس نادر دریافت کے بعد ماہرین نے اس دانت کا ابتدائی معائنہ کیا، جس کے بعد ڈسلڈورف شہر کی انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا کہ یہ دانت ماموت (Mammoth) نسل کے ہزاروں سال قبل ناپید ہو جانے والے جانوروں میں سے ایک ایسے عظیم الجثہ جانور کا ہے جس کا تعلق اس نسل کے اون کی طرح نرم کھال والے جانوروں کی قسم سے تھا۔

Woll - Mammut Zeichnung
تصویر: AP

قدیم حیاتیات کے ماہرین کو اب تک بہت بھاری بھرکم اور ہاتھی کی طرح کی سونڈ والے زمانہ قدیم کے ایسے جانوروں کی بہت سی جسمانی باقیات یا ان کے آثار براعظم ایشیا، یورپ اور شمالی امریکا کے مختلف حصوں سے مل چکے ہیں۔

ڈسلڈورف سے منگل کے روز ماموت کا جو دانت ملا، اس کا وزن 34 کلو گرام یا 76 پاؤنڈ بتایا گیا ہے۔ یہ ماموت دانت ملنے کے بعد متعلقہ جگہ پر زمین کی گہرائی میں کی جانے والی کھدائی فوری طور پر روک دی گئی۔

شہر کی انتظامیہ نے بعد ازاں اپنے ایک بیان میں کہا کہ ماموت کے اس دانت کی لمبائی 1.2 میٹر ہے اور جہاں سے وہ دریافت ہوا تھا، وہاں سے ماہرین آثار قدیمہ کی ایک ٹیم نے اسے بڑی احتیاط کے ساتھ نکال کر بنیادی مطالعے کے لیے قدیم حیاتیات کے ماہرین کے حوالے کر دیا ہے۔

اے ایف پی نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ جہاں سے مزدوروں کو ماموت کا یہ دانت ملا، وہ جگہ زمین کی سطح سے قریب 36 فٹ کی گہرائی میں ہے۔ بعد ازاں ماہرین نے اس جگہ کا معائنہ بھی کیا مگر انہیں فوری طور پر وہاں سے ماموت کی کوئی دیگر جسمانی باقیات نہیں ملیں۔

قدیم حیاتیات کےماہرین کے مطابق موجودہ جرمن ریاست اور اس کے ارد گرد کے علاقے براعظم یورپ کا وہ حصہ ہیں، جہاں Woolly Mammoth کہلانے والے عظیم الجثہ جانوروں کی نسل قریب 10 ہزار سال قبل قطعی طور پر ناپید ہو گئی تھی۔

mm / ng (AFP)