1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحتجرمنی

جرمن سیاحت کے شوقین کیوں ہیں؟

7 مارچ 2023

ایک سروے کے مطابق اکثر جرمن روزمرہ زندگی اور ذمے داریوں سے کچھ دن دور رہنے، تفریح، گرم اور خوشگوار موسم،آرام کرنے، دوبارہ تازہ دم ہونے اور اپنوں کے ساتھ وقت گزارنے کی غرض سے سیاحت کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4OEWP
Europa Wintersport
تصویر: Nardi-AGF/Bildagentur-online/picture alliance

مارٹن لوہمان کو بخوبی علم ہے کہ وہ اس سال موسم سرما کی چھٹیاں آسٹریا کی کلائن والسرٹل نامی وادی میں گزارنے کا ارادہ کیوں رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کی کئی وجوہات ہیں۔

 اس حوالے سے انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ وہ شمالی جرمنی کی "سرمئی سردیوں" سے کچھ مختلف تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ قدرتی ماحول میں تازہ ہوا کا لطف اٹھائیں اور کچھ وقت اپنے بیوی بچوں کے ساتھ بتائیں۔

مارٹن لوہمان ان 50 ملین سے زائد جرمنوں میں سے ایک ہیں، جو ہر سال چھٹیاں گزرانے مختلف مقامات کا رخ کرتے ہیں۔ ساتھ ہی مارٹن لوہمان کو ان عوامل کا بھی ادراک ہے جو جرمن باشندوں کو سیاحت کی طرف راغب کرتے ہیں۔

مہنگائی نے جرمنوں کے چھٹیوں کے منصوبے بدل دیے

 اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے نفسیات کے شعبے میں تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ انسٹیٹیوٹ فار ٹورازم ان ناردن یورپ کے سربراہ رہ چکے ہیں اور ریسرچ ایسوسی ایشن فار ہالیڈیز اینڈ ٹریول کی جانب سے سیاحت کے موضوع پر کیے جانے والے ایک تجزیے کے لے بھی انہوں نے اپنی خدمات فراہم کی ہیں۔ یہ تجزیہ دراصل 1970ء سے کیا جانے والا ایک سالانہ سروے ہے، جس میں اس بات کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ جرمن آخر سیاحت کے اس قدر شوقین کیوں ہیں۔

اس سروے کے اکثر شرکاء نے سیاحت سے اپنی رغبت کی جو وجوہات بتائیں ان میں روزمرہ زندگی اور ذمے داریوں سے کچھ دن دور رہنا، تفریح، گرم اور خوشگوار موسم، دوبارہ تازہ دم محسوس کرنے اور اپنوں کے ساتھ وقت گزارنا شامل ہیں۔

کچھ شرکا ء کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ سیاحت ماحول کی تبدیلی، سفری تجربے، دوسرے ممالک کی سیر، ثقافت و تعلیم سے منسلک تجربات حاصل کرنے اور اسپورٹس کھیلنے کی غرض سے کرتے ہیں۔

ان نتائج کا اگر سادہ لفظوں میں خلاصہ کیا جائے تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ جرمن باشندوں میں سے اکثر کو ساحل سمندر پر آرام کرنا پسند ہے۔ اور مارٹن لوہمان کے مطابق گزشتہ 50 برس سے یہ جرمنوں میں سیاحت کے شوق کی یہی بنیادی وجہ رہی ہے۔

کورونا کی وبا کی شدت کم، جرمن سیاحتی شعبہ متحرک ہوتا ہوا

ماہر نفسیات، ٹرویول تھیراپسٹ اور خود سیاحت کی شوقین کرسٹینا میرو بھی اس سروے کے نتائج سے متفق ہیں لیکن ان کے سفر کے شوق کی وجوہات کچھ اور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں ایسی چیزیں اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں جن سے وہ پہلے واقف نہ ہوں۔ انہیں خصوصاﹰ ثقافت، زبان اور مختلف جگہوں کے مقامی باشندوں کی طرز زندگی کے بارے میں جاننے میں زیادہ دلچسپی ہے۔

اس حوالے سے مارٹن لوہمان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو اپنے سفر کے تجربات سنانے کے بعد تعریفی کلمات سننا بھی اچھا لگتا ہے، تاہم یہ شاید ان کے سیاحت کے لیے جانے کی وجہ نہ ہو۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی جب سیاح اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں اور انہیں پذیرائی ملتی ہے تو انہوں فوری طور پر تسکین کا احساس ہوتا ہے، جسے اب سیر و سیاحت کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔

م ا / ع ا یوناس مارٹینی