1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تین سال بعد دنیا کا ہر چوتھا آئی فون بھارت میں بنا ہوا ہو گا

21 ستمبر 2022

دنیا کے بڑے مالیاتی کاروباری اداروں میں سے ایک جے پی مورگن کے مطابق آج سے تین سال بعد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا ہر چوتھا آئی فون بھارت میں تیار شدہ ہو گا، جو چین کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی موبائل فون مارکیٹ ہے۔

https://p.dw.com/p/4HA3B
Apple veröffentlicht iPhone 14
تصویر: Tayfun Coskun/AA/picture alliance

جے پی مورگن کے مالیاتی تجزیہ کاروں نے بدھ اکیس ستمبر کے روز بتایا کہ ایپل کی کوشش ہے کہ وہ مسلسل بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور کووڈ انیس کی عالمی وبا کے باعث چین میں لاک ڈاؤن کے انتہائی سخت ضابطوں کے پیش نظر اپنی مصنوعات کی پیداوار کا ایک حصہ چین سے باہر منتقل کر دے۔

چائلڈ پورنو گرافی پر آپ کا فون خود آپ کی شکايت کرے گا

اس تناظر میں توقع ہے کہ ایپل اپنے مشہور زمانہ آئی فون کے تازہ ترین ماڈل iPhone 14 کی مجموعی پیداوار کا تقریباﹰ پانچ فیصد حصہ رواں برس کے آخر تک بھارت منتقل کر دے گا۔ اس کے علاوہ یہ بھی ممکن ہے کہ 2025ء تک ایپل کا ہر چوتھا آئی فون بھارت ہی میں تیار شدہ ہو گا، جو چین کے بعد آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے اور عالمی سطح پر موبائل فون کی دوسری سب سے بڑی منڈی بھی۔

جے پی مورگن کے تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت ایپل کی آئی فون، میک بُک، آئی پیڈ، ایپل واچ اور ایئر پوڈز جیسی مصنوعات کا صرف پانچ فیصد حصہ ہی چین سے باہر تیار کیا جاتا ہے۔ لیکن ان ماہرین کو اندازہ ہے کہ آج سے تقریباﹰ تین سال بعد ان تمام مصنوعات کا قریب 25 فیصد چین سے باہر تیار کردہ ہو گا۔

بھارت میں آئی فون کی اسمبلنگ

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا شمار دنیا کے سب سے بڑے کاروباری اداروں میں ہوتا ہے اور اس کے صدر دفاتر امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کُوپرٹینو میں ہیں۔ ایپل نے بھارت میں آئی فون کی اسمبلی لائن 2017ء میں شروع کی تھی۔

اس کے لیے ایپل نے پہلے تائیوان کی کمپنی وِسٹرون اور پھر تائیوان ہی کے فوکس کون گروپ کے ساتھ تعاون کیا تھا، کیونکہ ایسا کرنا اس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی بھارت میں جدید ٹیکنالوجی مصنوعات کی تیاری کو فروغ دینے کی پالیسی کے تحت لازمی ہو گیا تھا۔

کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث کئی بڑے بڑے عالمی اداروں کے لیے اپنی سپلائی چین کو دیگر ممالک میں منتقل کرنے کا عمل سست روی کا شکار ہو گیا تھا۔ اب لیکن ایپل سمیت کئی اداروں نے اپنی سپلائی چین اور اسمبلی لائن کو چین سے باہر منتقل کرنے کا عمل تیز تر کر دیا ہے۔

نیوریل ہیش: ایپل آپ کی جاسوسی آخر کیوں کرنا چاہتا ہے؟

درست پیش گوئی

مستقبل قریب میں ایپل کے آئی فون سمیت اس کی تقریباﹰ 25 فیصد مصنوعات کی بھارت میں تیاری سے متعلق یہ تجزیہ جے پی مورگن کے کاروباری ماہرین کی جس ٹیم نے کیا، اس کی سربراہی گوکُل ہری ہرن نامی تجزیہ کار نے کی۔

سمارٹ فون کرہٴ ارض کے لیے اتنے بھی سمارٹ نہیں

ان کی طرف سے عالمی سطح پر کاروباری سرگرمیوں اور ترجیحات  سے متعلق لگائے گئے ہر پانچ میں سے چار اندازے بالکل درست ثابت ہوتے ہیں۔

امریکی نیوز چینل بلومبرگ نے اسی ماہ کے اوائل میں بتایا تھا کہ بھارت کا بہت بڑا صنعتی گروپ ٹاٹا وِسٹرون کے ساتھ اس مقصد کے تحت کاروباری مذاکرات جاری رکھے ہوئے تھا کہ بھارت میں آئی فون اسمبل کرنے کے لیے ایک ممکنہ مشترکہ صنعتی منصوبے کا حصہ بن سکے۔

م م / ا ب ا (روئٹرز)