1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی سیاسی زندگی پر ایک نظر

5 مئی 2023

ایردوآن کو جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال پاشا کے بعد ملک میں اب تک کا سب سے مضبوط حکمران خیال کیا جاتا ہے۔ ناقدین ان کے اقتدار کی طوالت کو ترکی کے بہت سے موجودہ مسائل کی جڑ سمجھتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4QwmV
Türkei Istanbul | Technologie und Luftfahrt Event "TEKNOFEST" - Recep Tayyip Erdogan
تصویر: Murat Cetinmuhurdar/TUR Presidency/AA/picture alliance / AA

ترک صدر رجب طیب ایردوآن  نے اس سال کے آغاز میں اپنے اقتدار کی دو دہائیاں مکمل کیں۔ ان بیس سالوں کے دوران انہوں نے پہلے بطور وزیر اعظم اور بعد میں صدر کے طور پر ترکی کی باگ دوڑ سنبھالے رکھی۔ اب وہ  14 مئی کو ہونے والے انتخابات میں مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہونے کے خواہش مند ہیں۔ انہتر سالہ ایردوآن نے اپنے اقتدار کے ابتدائی دنوں میں ایک مصلح کے طور پر انسانی حقوق اور آزادیوں کو توسیع دی۔ ان کے ایسے ہی قدامات کے نتیجے میں اس اکثریتی مسلم ملک کی یورپی یونین کی رکنیت کے لیے مذاکرات شروع کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔

Türkei Wahlen 2023 Wahlkampf AKP Erdogan
چودہ مئی کے انتخابات ایردوآن کے سیاسی کیرئیر میں ان کے لیے اب تک کا سب سے بڑا چیلنج  ہو سکتے ہیںتصویر: ADEM ALTAN/AFP/Getty Images

ترکی میں انتخابات کے لیے جرمنی میں مقیم ڈیڑھ ملین ترکوں کے لیے پولنگ اسٹیشن کُھل گئے

تاہم بعد میں انہوں نے اختلاف رائے کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے میڈیا کا گلا گھونٹنے اور جمہوریت کش  اقدامات کا  راستہ اختیار کر لیا۔ معاشی بدحالی، بلند افراط زر  اور ملک میں آئے تباہ کن زلزلے کے صرف تین ماہ بعد ہونے والے صدارتی اورپارلیمانی انتخابات ایردوآن کے سیاسی کیرئیر میں ان کے لیے اب تک کا سب سے بڑا چیلنج  ہو سکتے ہیں۔

آئیے صدر ایردوآن کی زندگی کے اہم سیاسی واقعات پر ایک سر سری نظر ڈالتے ہیں۔

27 مارچ 1994: ایردوآن اسلامک ویلفیئر پارٹی کے ٹکٹ پر استنبول کے مئیر منتخب ہوئے۔

12 دسمبر 1997: عدالت نے ایک نظم پڑھنے پر سیکولر قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں ایردوآن کو ''نفرت بھڑکانے‘‘ کے جرم میں چار ماہ قید کی سزا سنائی۔

14 اگست 2001: ایردوآن نے اسلامک  ویلفیئر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنے اصلاح پسند ونگ کے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر قدامت پسند جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی، یا اے کے پی کی بنیاد رکھی۔

3 نومبر 2002: اپنے قیام کے صرف ایک سال بعد اے کے پی نے عام انتخابات میں اکثریت حاصل کر لی، تاہم سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے ایردوآن ان انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔

9 مارچ 2003: ایردوآن اپنے پر سے سیاسی پابندی ہٹائے جانے کے بعد ایک  خصوصی  الیکشن میں پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے اور صرف پانچ روز بعد ہی اپنے ایک ساتھی کی جگہ وہ  وزیر اعظم بن گئے۔

ایردوآن کے حریف اپوزیشن صدارتی امیدوار ’ترک گاندھی‘ کون؟

ترک تارکین وطن ایردوآن کی حمایت کیوں کرتے ہیں؟

3 اکتوبر 2005: ترکی نے یورپی یونین میں شمولیت کے لیے بات چیت شروع کی۔

 22 جولائی 2007: ایردوآن نے انتخابات میں مجموعی طور پر 46.6 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

20 اکتوبر 2008: فوجی افسران اور دیگر عوامی شخصیات کے خلاف ٹرائلز کا پہلا سلسلہ شروع ہوا۔ ان مشتبہ افراد پر حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کرنے کا الزام تھا۔ یہ عدالتی کارروائیاں ایردوآن کے مخالفین کو ختم کرنے کے لیے استعمال کی گئیں۔ بعد میں ان مقدمات کے قیام کا الزام امریکہ میں مقیم ایک ترک عالم دین فتح اللہ گولن کے نیٹ ورک پر لگایا گیا۔

 12 ستمبر 2010: ایردوآن نے آئینی تبدیلیوں پر ریفرنڈم جیت لیا جس کے تحت حکومت کو ہائی کورٹ کے ججوں کی تقرری، فوج کے اختیارات کم کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کا اختیار ملا کہ صدر کا انتخاب پارلیمنٹ کے بجائے قومی ووٹ سے ہو۔

12 جون 2011: ایردوآن  نے عام انتخابات میں 49.8 فیصد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

 28 مئی 2013: ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے ایک پارک میں درخت کاٹنے کے منصوبے کے خلاف ملک بھر میں حکومت مخالف مظاہرے پھوٹ پڑے۔ حکومت پر ان مظاہروں کو کچلنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کرنے کا  الزام لگا۔

10 اگست 2014: ایردوآن نے براہ راست انتخاب کے ذریعے ترکی کے پہلے صدراتی انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔

ناکام فوجی بغاوت کے بعد ترک پارلیمان کے اندرونی مناظر

 7 جون 2015: اے کے پی نے پارلیمان میں اپنی اکثریت کھو دی۔ اس کے بعد ایک خود کش حملے سمیت کئی مہینوں کے عدم تحفظ کے بعد نومبر میں دوبارہ انتخابات میں اس پارٹی نے اپنی کھوئی ہوئی پارلیمانی اکثریت دوبارہ حاصل کر لی۔

 15 جولائی 2016: صدر ایردوآن کی حکومت ایک فوجی بغاوت سے بچ گئی۔ اس کوشش کا الزام ایردوآن کے ایک سابق اتحادی  فتح اللہ گولن کے پیروکاروں پر لگایا گیا۔  اس کے بعد حکومت نے گولن کی تنظیم کے ارکان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا۔

 16 اپریل، 2017:  ایک ریفرنڈم میں ترک ووٹروں نے ملک کا سیاسی نظام  پارلیمانی جمہوریت سے ایگزیکٹو یا صدارتی نظام پر منتقل کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔  ناقدین اسے ایردوآن پر مشتمل ''ایک آدمی کی حکمرانی‘‘ کہتے ہیں۔

24 جون 2018: ایردوآن ایک مرتبہ پھر انتخابات میں 52.59 فیصد ووٹ لے کر  ایگزیکٹو اختیارات کے ساتھ ترکی کے پہلے صدر بن گئے۔

 22 جون 2019: اے کے پی کو اس وقت ایک بڑا دھچکا پہنچا، جب وہ  استنبول کے میئر کے لیے انتخابات میں ہار گئی۔

6 فروری 2023: ایک طاقتور زلزلے نے ترکی کے کچھ حصوں کو تباہ کر دیا۔  شام سمیت ترکی میں 50,000 سے زیادہ افراد مارے گئے۔ ایردوآن حکومت کو اس قدرتی آفت پر ناقص ردعمل کے نتیجے میں سخت تنقید کا نشانہ بننا پڑا۔

ش ر ⁄ ا ا (اے پی)

ترک الیکشن: کیا ایردوآن متحد اپوزیشن کو شکست دے سکیں گے؟