1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تاريخ پر تاريخ رقم کرنے والی مراکش کی فٹ بال ٹيم

11 دسمبر 2022

مراکش کی فٹ بال ٹيم ورلڈ کپ کے سيمی فائنل کے ليے کواليفائی کرنے والی پہلی افريقی ٹیم بن گئی ہے۔ بيشتر مسلم ممالک ميں مراکش کی کاميابيوں کو سراہا جا رہا ہے اور اسے عرب مسلم ممالک کی کاميابی مانا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4KnMO
FIFA Fußball WM 2022 in Katar | Marokko - Portugal
تصویر: Martin Meissner/AP Photo/picture alliance

مراکش کی فٹ بال ٹيم عالمی کپ کے سيمی فائنل ميں پہنچنے والی بر اعظم افريقہ کی پہلی ٹيم تو ہے ہی مگر ساتھ ہی يہ ٹيم يورپ اور جنوبی امريکا کے باہر سے سيمی فائنل ميں پہنچنے والی تاريخ کی تيسری ٹيم بھی ہے۔ اس سے قبل سن 1930 ميں منعقدہ پہلے فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ ميں امريکا نے سيمی فائنل مقابلوں کے ليے کواليفائی کيا تھا جب کہ جنوبی کوريا کو سن 2002 ميں ايسا کرنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

اس بار بھی سيمی فائنل کے ليے کواليفائی کرنے والی چار ميں تين ٹيموں کا تعلق جنوبی امريکا اور يورپ سے ہے۔ فرانس اور کروشيا يورپ سے ہيں جبکہ ارجنٹائن جنوبی امريکا سے۔ ان کے علاوہ مراکش افريقہ سے کواليفائی کرنے والی اولين ٹيم بن گئی ہے۔

لیاری، جو کبھی یونان تھا اور اب بھی برازیل ہے

یورپی ممالک کا یہ دوغلہ پن سمجھ سے بالاتر ہے

قطر میں ورلڈ کپ سے ’لطف اندوز‘ ہوتے غیر ملکی مزدور

در اصل ٹورنامنٹ ميں آگے تک پہنچنے کا تعلق رقوم اور روايات سے جڑا ہوا ہے۔ داخلی سطح پر عمدہ فٹ بال سہوليات بہتر ٹيموں کی ضامن ہوتی ہيں۔ تاہم فٹ بال کا کھيل عالمی سطح پر مقبول ہوتا جا رہا ہے اور اب ايشيا، افريقہ اور شمالی امريکا ميں بھی نہ صرف ورلڈ کپ ديکھا جاتا ہے بلکہ مداح ديوانگی کی حد تک اپنی اپنی ٹيموں کی جيت کے ليے کوشاں دکھائی ديتے ہيں۔ ايسے ہی مداح اميد لگائے بيٹھے رہتے ہيں کہ دنيا کے ديگر حصوں سے بھی ٹيميں آگے آئيں، جس سے اس کھيل کو فائدہ پہنچے گا۔

يہ ورلڈ کپ ايک مسلم عرب ملک قطر ميں منعقد ہو رہا ہے۔ مراکش کو نہ صرف اپنے مداحوں کی بلکہ کئی عرب رياستوں سے حمايت مل رہی ہے۔ کوچ وليد رگروگی نے کہا، ''آپ کے پاس چاہے ٹيلنٹ کم ہو، کوالٹی محدود ہو اور رقوم کی بھی کمی ہو، مگر اگر آپ کے پاس اميد، محنت اور لگن ہے، مقابلہ کرنے کی صلاحيت اور سرخرو ہونے کا ايمان ہے ۔۔۔ تو آپ کچھ بھی کر سکتے ہيں۔‘‘

سيمی فائنل تو کافی آگے کی بات ہے، کواٹر فائنل کے ليے بھی يورپ اور جنوبی امريکا کے بر اعظموں سے باہر کی ٹيميں شاذ و نادر ہی کواليفائی کر پاتی ہيں۔ اس بار مراکش کو يہ اعزاز حاصل ہوا۔ 2014ء ميں کوسٹا ريکا کی ٹيم کواٹر فائنل تک پہنچی تھی، جب انہيں پينلٹی ککس پر ہالينڈ کے ہاتھوں شکست کا منہ ديکھنا پڑ گيا تھا۔ سن 2010 ميں گھانا کی ٹيم بھی کواٹر فائنل تک پہنچی تھی۔ سن 2002 ميں سينيگال اور 1990ء ميں کيمرون بھی کواٹر فائنل تک پہنچ چکے ہيں۔

مراکش کی کاميابيوں کے سلسلے کی ايک وجہ يہ بھی ہے کہ اس بار ٹيموں کو چھبيس کھلاڑيوں پر مشتمل وفد ساتھ لانے کی اجازت ہے۔ کورونا کی وبا کے تناظر ميں اٹھايا گيا يہ قدم کئی مبصرين کے ليے مراکش کے ليے مثبت ثابت ہو رہا ہے کيونکہ کوچ کے پاس کھلاڑی چننے کے ليے زيادہ متبادل کھلاڑی ہيں۔

کیا قطر میں اسرائیلیوں کو سرد رویے کا سامنا ہے؟

ورلڈ کپ کے بقيہ ميچز

ورلڈ کپ ميں اب پہلا سيمی فائنل ميچ آئندہ ہفتے منگل تيرہ دسمبر کو ارجنٹائن اور کروشيا کی ٹيموں کے مابين کھيلا جائے گا۔ دوسرا سيمی فائنل چودہ دسمبر بدھ کے دن فرانس اور مراکش کی ٹيموں کے درميان ہو گا۔ پھر تيسری پوزيشن کے ليے ميچ سيمی فائنل ہارنے والی دو ٹيموں کے درميان ہفتہ سترہ دسمبر کو کھيلا جانا ہے جبکہ فائنل ميچ اتوار اٹھارہ دسمبر کو کھيلا جانا ہے۔

قطر میں فیفا ورلڈ کپ کی بھاری قیمت

ع س / ش ح (نیوز ایجنسیاں)