1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں منکی پاکس وائرس سے پہلی موت کی تصدیق

2 اگست 2022

بھارت نے پیر کے روز منکی پاکس وائرس سے ہونے والی پہلی موت کی تصدیق کردی۔ ایشیا میں اس وائرس سے ہلاکت کا یہ غالباً پہلا کیس ہے، جس سے ہونے والی موت کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

https://p.dw.com/p/4EzqW
Symbolbild Affenpocken
تصویر: NIAID/AP/picture alliance

بھارتی وزارت صحت نے بتایا کہ جنوبی ریاست کیرلا میں ایک 22 سالہ مرد کی30 جولائی کو موت ہوگئی۔ جانچ کے نتائج سے پتہ چلا کہ "اس شخص کو منکی پاکس تھا۔"

تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ آیا اس شخص کی موت کی اصل وجہ منکی پاکس ہی تھی یا کچھ اور۔

خیال رہے کہ اسپین نے گزشتہ ہفتے اپنے یہاں منکی پاکس سے دو افراد کی ہلاکت کی خبر دی تھی جب کہ ایک اور شخص برازیل میں اس وائرس کا شکار ہوا تھا۔ اس طرح اس وائرس سے اب تک کم از کم چار لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے 23 جولائی کو اس حوالے سے عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کردیا تھا۔

مرض کی علامت تھکاوٹ اور بخار

کیرلا کے وزیر محصولات کے راجن کے مطابق "مذکورہ شخص 21 جولائی کو کیرلا پہنچا تھا لیکن جب اسے تھکاوٹ اور بخار محسوس ہوا تو وہ 26 جولائی کو ہسپتال پہنچا۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے 21 افراد کو آئسولیشن میں رکھا ہے لیکن ان میں سے کسی میں بھی کسی طرح کی علامتیں دکھائی نہیں دیں۔

کیرلا کی وزیر صحت وینا جارج نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص حال ہی میں متحدہ عرب امارات سے واپس لوٹا تھا، جہاں جانچ کرانے پر اس کا ٹسٹ پازیٹو آیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس شخص میں منکی پاکس کی کوئی علامت نظر نہیں آئی تھی۔ اسے انسیفلائٹس اور تھکان کی شکات پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

Affenpocken Virus
تصویر: Getty Images/CDC

عالمی ہیلتھ ایمرجنسی

بھارت میں سرکاری طور پر اب تک منکی پاکس کے کم از کم چار کیسز درج کیے گئے ہیں۔ پہلا کیس 15جولائی کو درج کیا گیا۔ اس میں بھی متاثرہ شخص متحدہ عرب امارات سے کیرلا واپس آیا تھا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق مئی میں اس وائرس کے پھیلنے کے بعد سے افریقہ کے باہر 78 ملکوں میں اب تک 18000 سے زائد کیسز درج کیے جاچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق یہ وائرس بالعموم جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے اور اس کی علامتیں عام طور پر چیچک سے کم سنگین ہوتی ہیں۔

منکی پاکس کی علامتوں میں انفیکشن بشمول بخار، عضلات میں درد اور جسم پر سرخ نشانات، جو پھوڑوں کی شکل میں تبدیل ہوجاتے ہیں، شامل ہیں۔ اس کی روک تھام میں مدد کے لیے ویکسین دستیاب ہے تاہم اس کی سپلائی بہت محدود ہے۔

 ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید