1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'بورس جانس کا فیصلہ برطانوی جمہوریت پر حملہ‘

29 اگست 2019

برطانیہ میں جوں جوں برگزیٹ کی حکومتی ڈیڈلائن قریب آ رہی ہے ملک میں سیاسی بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ 

https://p.dw.com/p/3Ohr7
Protest Boris Johnson
تصویر: AFP/D. Leal-Olivias

وزیراعظم بورس جانسن کی طرف سے پانچ ہفتوں کے لیے پارلیمان کی کاروائی معطل کیے جانے کے خلاف شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ فیصلے کے خلاف عوامی پٹیشن پر چوبیس گھنٹوں کے اندر دس لاکھ لوگوں نے دستخط کیے اور بدھ کی شب لندن سمیت کئی شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور مارچ کیا۔ مظاہرین نے حکومتی فیصلے کو برطانیہ کی جمہوری روایات کے منافی قرار دیا ہے۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے ماورائے آئین کوئی اقدام نہیں کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ  پارلیمان کا پچھلا سیشن چار سو سال میں برطانوی پارلیمان کا لمبا ترین سیشن تھا، اس لیے حکومت اسے معطل کرکے نیا سیشن شروع کرنے میں حق بجانب ہے۔

Großbritannien Brexit Proteste
تصویر: Reuters/H. Nicholls

 لیکن برطانوی حزب اختلاف کا الزام ہے کہ ایک ایسے موقع پر جب برطانیہ میں ہر طرف بریگزٹ کے مسئلے پر تشویش پائی جاتی ہے، حکومتی فیصلہ پارلیمان کو اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنے کی کوشش ہے۔ اُدھر برطانیہ میں بریگزٹ مخالف مہم کی سرکردہ رہنما جینا ملِر نے پارلیمان کی معطلی سے متعلق وزیراعظم بورس جانسن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کردیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یورپی یونین کو اکتیس اکتوبر تک کا الٹیمیٹم دے رکھا ہے کہ اگر برطانیہ کے انخلا پر فریقین کے درمیان افہام و تفہیم سے اختلافات طے نہیں پاتے تو اُن کا ملک ہر صورت میں بغیر ڈیل کے یورپی یونین سے نکل جائے گا۔ 

Großbritannien Brexit Proteste
تصویر: Reuters/H. Nicholls

برطانیہ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد وزیراعظم کے اس موقف کی شدید مخالفت کر رہی ہے، جس میں حکمراں کنزرویٹیو پارٹی کے بعض سینیئر لوگ بھی شامل ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ یورپی یونین سے بغیر معاملات طے کیے نکلنا برطانیہ کو معاشی اور سیاسی طور پر بھاری پڑے گا۔ خدشات ہیں کہ اس طرح کے بریگزٹ سے یورپ کے ساتھ دہائیوں سے چلے آ رہے کاروباری معاملات یکدم ٹوٹ جائیں گے جس سے افراتفری  پھیل سکتی ہے۔

لیکن  وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت کا اصرار ہے کہ برطانوی ووٹر تین برس پہلے  بریگزٹ پر اپنا فیصلہ دے چکے ہیں اور اب اسُ پر عمل درآمد ہو کر رہے گا۔ برطانوی حکومت کے وزیر جیکب ریس موگ نے کہا ہے کہ بریگزٹ مخالف حلقے اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کے پاس حکومت کو روکنے کے اب دو ہی راستے ہیں، ''وہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئیں یا پھر قانون بدل دیں۔‘‘ لیکن اُن کے بقول اپوزیشن کے پاس ان دونوں میں سے کوئی بھی راستہ لینے کی نہ ہمت ہے اور نہ حمایت۔

حکومت کے موقف کے خلاف برطانیہ میں آنے والے دنوں میں مزید مظاہروں کی تیاریاں جاری ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اگر بریگزٹ پر بے چینی زیادہ بڑھ گئی اور حکومت نے مزید کوئی غیرمعمولی اقدامات کیے تو حالات نئے انتخابات یا پھر کسی آئینی بحران کی طرف جا سکتے ہیں۔    

Symbolbild - Brexit und EU
تصویر: Getty Images/AFP/T. Akmen
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید