1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران، طالبات کو زہر دینے کے معاملے میں پہلی گرفتاریاں

7 مارچ 2023

نومبر سے لے کر اب تک ایران میں متعدد اسکولوں میں طالبات کو زہریلی گیس دینے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس معاملے میں اولین گرفتاریوں کی اطلاع ہے۔

https://p.dw.com/p/4OM2n
Iran Protest
تصویر: Diego Radames/SOPA Images via ZUMA Press Wire/ZUMAPRESS/picture alliance

ایران کے نائب وزیر داخلہ مجید میر احمدی نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسکول کی طالبات کو زہر دینے کے معاملے میں پہلی گرفتاریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔ پارلیمانی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ اب تک 5,000 سے زائد طالب علموں کو اس طرح زہر دیا جا چکا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے احمدی کا کہنا تھا کہ یہ گرفتاریاں انٹیلیجنس ایجنسیوں کو موصول ہوئی معلومات اور ان کے تحقیقاتی اقدامات کی بنیاد پر پانچ صوبوں میں عمل میں لائی گئی ہیں۔ 

ماجد میر احمدی نے مزید کہا کہ متعلقہ ادارے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔

USA Washington | Protest gegen Vergiftungen im Iran
طالبات کو زہر دینے کے واقعات کے بعد ایرانی عوام میں غصے کی ایک نئی لہر پائی جاتی ہے اور وہ حکام سے کاروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔تصویر: Allison Bailey/NurPhoto/picture alliance

 نومبر کے آخر سے لے کر اب تک ایران بھر میں متعدد اسکولوں میں طالبات کو گیس کے ذریعےزہر دینے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ طالبات نے ''ناخوشگوار‘‘ یا '' انجانی‘‘ بو محسوس کرنے کے بعد سانس لینے میں تکلیف، متلی اور چکر جیسی علامات کی اطلاع دی تھی، جس سے والدین میں خوف پھیل گیا ہے اور انہوں نے حکام سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ متاثرہ طالبات میں سے کئی کا ہسپتالوں میں علاج بھی  کیا جا چکا ہے۔

پیر کو اس حوالے سے پارلیمانی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے رکن محمد حسن آصفری نے ایرانی خبر رساں ادارے اسنا کو دیے گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان واقعات سے ایران کے کل 31 صوبوں میں سے 25 صوبے اور تقریباﹰ 230 اسکول متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 5,000 سے زائد طالبات کو زہر دیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات کی وجوہات اور طالب علموں کو دیے جانے والے زہر کی شناخت کے لیے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں لیکن اس زہر سے متعلق اب تک کوئی خاص معلومات حاصل نہیں کی جا سکی ہیں۔

پیر ہی کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا  کہ حالیہ مہینوں میں اسکول کی طالبات کو زہر دے کر ہلاک کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ''سخت سزا‘‘ کا سامنا کرنا چاہیے۔ خامنہ ای نے اس پراسرار زہر کے بارے میں اپنے پہلے عوامی تبصرے میں کہا تھا، ''اگر زہر دینا ثابت ہو جاتا ہے تو یہ ایک ناقابل معافی جرم ہو گا اور مجرموں کو سخت سزائیں دی جانا چاہئیں۔‘‘

USA Washington | Protest gegen Vergiftungen im Iran
نومبر کے آخر سے لے کر اب تک ایران بھر میں متعدد اسکولوں میں طالبات کو گیس کے ذریعےزہر دینے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ تصویر: Allison Bailey/NurPhoto/picture alliance

دریں اثناء ایرانی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی نے کہا تھا کہ اسکول کی طالبات کو زہر دینے کے الزام میں گرفتار ہونے والے افراد پر ''زمین پر فساد‘‘ پھیلانے کا الزام لگایا جائے گا۔ ایک ایسا الزام، جس کی سزا موت ہو گی۔

طالبات کو زہر دینے کے واقعات کے بعد ایرانی عوام میں غصے کی ایک نئی لہر پائی جاتی ہے اور وہ حکام سے کاروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان واقعات پر بین الاقوامی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور مغربی ممالک نے اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات پر زور دیا ہے، بالخصوص اس تناظر میں کہ طالبات کو زہر دینے کا پہلا واقعہ اس وقت سامنے آیا تھا جب ایک ایرانی کرد خاتون مہسا امینی کی اخلاقی پولیس کی حراست میں موت کے بعد سے ملک بھر میں جاری حکومت مخالف مظاہرے ختم نہیں ہوئے تھے۔

م ا / ع ا (اے ایف پی)