1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آرکٹک میں بیج محفوظ کروانے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

3 مارچ 2024

آرکٹک میں بنائے گئے ایک کمرہ نما 'والٹ' میں بیج منفی 18 ڈگری سیلسیئس کے درجہ حرارت پر محفوظ کیے جاتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4d6G3
'اسویل باڈ گلوبل سیڈ والٹ' مین لینڈ یورپ اور قطب شمالی کے درمیان واقع ایک جزیرے پر پرما فراسٹ کے غاروں میں 2008ء میں بنایا گیا تھا
'اسویل باڈ گلوبل سیڈ والٹ' مین لینڈ یورپ اور قطب شمالی کے درمیان واقع ایک جزیرے پر پرما فراسٹ کے غاروں میں 2008ء میں بنایا گیا تھاتصویر: DW/Irene Quaile

آرکٹک میں زرعی فصلوں کو معدوم ہونے سے بچانے کے مقصد سے بنائے گئے ایک کمرہ نما 'والٹ' کو چلانے والے ادارے کروپ ٹرسٹ نے بتایا ہے کہ رواں ہفتے وہاں نو نئے 'سیڈ بینکس' نے بیج محفوظ کروائے ہیں، جو کہ ایک وقت میں وہاں بیج رکھوانے والے نئے سیڈ بینکس کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

'اسویل باڈ گلوبل سیڈ والٹ' مین لینڈ یورپ اور قطب شمالی کے درمیان واقع ایک جزیرے پر پرما فراسٹ کے غاروں میں 2008ء میں بنایا گیا تھا۔ اس کو بطور ایک 'جین بینک' کے بنایا گیا ہے، جو کہ جنگوں، بیماریوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں میں فصلوں اور پودوں کی حفاظت میں مددگار ثابت ہوگا۔

کروپ ٹرسٹ کے مطابق اس ہفتے منگل کواسویل باڈ گلوبل سیڈ والٹ میں کل 23 سیڈ بینکس نے بیج محفوظ کروائے
کروپ ٹرسٹ کے مطابق اس ہفتے منگل کواسویل باڈ گلوبل سیڈ والٹ میں کل 23 سیڈ بینکس نے بیج محفوظ کروائےتصویر: Jens Büttner/dpa/picture alliance

ناروے کی حکومت اور کروپ ٹرسٹ کی جانب سے مشترکہ طور پر چلائے جانے والے اس والٹ میں دنیا بھر سے بیج لا کر منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ پر محفوظ کیے جاتے ہیں۔ اس والٹ کو کھولا بھی سال میں تین بار ہی جاتا ہے تا کہ اس میں پہلے سے موجود بیج باہر کے ماحول سے کم سے کم متاثر ہوں۔

کروپ ٹرسٹ کے مطابق اس ہفتے منگل کو جب اسے کھولا گیا تو کل 23 سیڈ بینکس نے وہاں بیج محفوظ کروائے، جن میں سے نو ایسا پہلی بار کر رہے تھے۔ اس ادارے کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ ان نو نئے سیڈ بینکس کا تعلق بوسنیا ہرزیگووینا، کیمرون، انڈونیشیا، قازقستان، کینیا، مڈغاسکر، نائجیریا اور زیمبیا سے ہے اور منگل کے روز اسویل باڈ والٹ میں پھلیوں، جو، مکئی، چاول، باجرے اور جوار کے بیج محفوظ کروائے گئے۔

'اسویل باڈ گلوبل سیڈ والٹ' مین لینڈ یورپ اور قطب شمالی کے درمیان واقع ایک جزیرے پر پرما فراسٹ کے غاروں میں 2008ء میں بنایا گیا تھا
'اسویل باڈ گلوبل سیڈ والٹ' مین لینڈ یورپ اور قطب شمالی کے درمیان واقع ایک جزیرے پر پرما فراسٹ کے غاروں میں 2008ء میں بنایا گیا تھاتصویر: DW/Irene Quaile

اس پیش رفت کے حوالے سے ناروے کی وزارت زراعت نے ایک بیان میں کہا ہے نئے بیجوں کی آمد کے بعد اس والٹ میں بیج محفوظ کروانے والے سیڈ بینکس کی کل تعداد اب 111 ہوگئی ہے اور ان سیڈ بینکس کا تعلق 77 ممالک سے ہے۔

بیجوں کو ذخیرہ اور محفوظ کرنے کے حوالے سے اسویل باڈ والٹ کا کردار بالخصوص 2015ء سے 2019ء تک شام میں ہونے والی جنگ کے دوران بہت اہم رہا ہے۔

اس سیڈ والٹ کے حوالے سے کروپ ٹرست کے ایگزیکٹِو ڈائریکٹر اسٹیفن شمٹز کا کہنا ہے اس کے ذریعے "جینیاتی تنوع کا تحفظ سے اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ فصلیں مختلف ماحولیاتی تبدیلیوں اور حالات کے باوجود پنپ سکیں۔ اس طرح یہ "آنے والی نسلوں کے لیے غذائی تحفظ کی ضمانت ہے"۔

م ا، ع ت (روئٹرز)