1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’انگلینڈ نے پاکستان سے 1992ء ورلڈ کپ کی ہار کا بدلہ لے لیا‘

13 نومبر 2022

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم اب ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی بھی ورلڈ چیمپئن بن گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4JS1l
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپیئن بن گئی۔تصویر: MArtin Keep/AFP

آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے مشہور کرکٹ گراؤنڈ ایم سی جی میں کھیلے جانے والےٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022ء  کے فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم نے انیس اوورز میں پانچ وکٹیں گنوا کر 138 کا آسان ہدف عبور کر لیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم  اس مرتبہ بھی بلے بازی میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کر سکی۔

پاکستان کی مایوس کن بیٹنگ پرفارمنس

پاکستانی بلے باز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ بیس اوورز میں محض 137 رنز بنا سکے۔ انگلینڈ کے کپتان جوش بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستان کے اوپنر بلے باز پہلے پاور پلے میں اچھی شروعات کرنے میں ناکام رہے اور محمد رضوان چوتھے اوور میں چودہ گیندوں پر محض پندرہ رنز بنا کر سیم کَرن کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ فائنل پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوانتصویر: Mark Baker/AP Photo/picture alliance

ون ڈاؤن آنے والے نوجوان بلے باز محمد حارث بھی اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھانے میں ناکام رہے اور بارہ گیندوں پر آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کے لیے شان مسعود نے اٹھائیس گیندوں پر سب سے زیادہ 38 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم گیارہویں اوور تک کریز پر موجود تو رہے لیکن ایک سو چودہ کے اسٹرائک ریٹ کے ساتھ وہ صرف 32 رنز ہی بنا سکے۔ آل راؤنڈر شاداب خان دو چوکوں کی مدد سے چودہ گیندوں پر 20 رنز بنا سکے۔

انگلینڈ کی چیمپیئن پرفارمنس

انگلینڈ کی جانب سے بالنگ میں سیم کَرن نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 رنز دے کر تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ لیگ اسپنر عادل رشید اور فاسٹ بالر کرس جارڈن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
انگلینڈ کرکٹ ٹیم اب ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی بھی ورلڈ چیمپئن بن گئی ہے۔تصویر: William West/AFP

برطانوی بلے بازوں میں کپتان جوش بٹلر نے اننگز کی شروعات کرتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے سترہ گیندوں پر 26 رنز بنائے۔ ایلکس ہیلس شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پہلے اوور میں ہی آؤٹ ہو گئے تھے۔ بعد ازاں تجربہ کار آل رؤنڈر بین اسٹوکس نے اننگز کو سنبھالا اور انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت سے ہمکنار کرایا۔ واضح رہے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے کرکٹ کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی بینی اسٹوکس نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
شاہین شاہ آفریدی اپنے مقررہ چار اوورز بھی مکمل نہ کرسکے۔تصویر: Surjeet Yadav/AFP

پاکستانی بالرز نے 138 جیسے لو اسکور کا دفاع کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن قسمت شاید آج برطانوی ٹیم کے ساتھ ہی تھی۔ پاکستان کے پریمئر فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی شاداب خان کی گیند پر ہیری بروکس کی گیند پر کیچ پکڑنے کے بعد گھٹنے پر چوٹ لگنے کے سبب اپنے چار اوورز بھی مکمل نہیں کر سکے۔

 وہ اپنے تیسرے اوور کی پہلی گیند کے بعد میدان سے باہر چلے گئے، جس کے بعد افتخار احمد نے ان کے اوور کی بقیہ پانچ گیندیں کرائیں اور تیرہ رنز دے دیے۔ پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے دو، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیدرلینڈز میں کرکٹ اور پاکستانیوں کا جوش

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں