1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
موسیقیجرمنی

امسالہ یورو وژن: جرمنی سے ’لارڈ آف دا لوسٹ‘ بینڈ حصہ لے گا

4 مارچ 2023

گیتوں کے یورو وژن نامی یورپی مقابلے کے رواں سال کے فائنل میں جرمنی کی نمائندگی ہیمبرگ کا مشہور روک میوزک بینڈ ’لارڈ آف دا لوسٹ‘ کرے گا۔ اس مقابلے کے فائنل کا انعقاد تیرہ مئی کو برطانیہ کے شہر لیورپول میں کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/4OFph
Eurovision Song Contest 2023 - Lord of the Lost
تصویر: Rolf Vennenbernd/dpa/picture alliance

گیتوں کا یورو وژن مقابلہ (Eurovision Song Contest) یا ESC پورے یورپ کا میوزک کا اہم ترین ایونٹ ہوتا ہے، جو درجنوں ممالک میں براہ راست دکھایا جاتا ہے۔ طویل تیاریوں کے بعد اس میں کسی بھی ملک کی نمائندگی کے لیے کسی ایک فنکار یا گروپ کا انتخاب کیا جاتا ہے، جو فائنل میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتا ہے۔

یورو وژن گیت مقابلے کے موضوعات: بھیڑیے، چڑیلیں اور یوکرینی ہپ ہاپ

جرمنی سے امسالہ مقابلے کے برطانیہ کے شہر لیورپول میں 13 مئی کو ہونے والے فائنل میں نمائندگی کے لیے شمالی جرمنی کے بندرگاہی شہر ہیمبرگ کے مشہور روک میوزک بینڈ 'لارڈ آف دا لوسٹ‘ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ابتدائی مرحلہ کولون میں

اپنی نوعیت کے 67 ویں یورو وژن مقابلے کے لیے جرمنی سے منتخب کردہ روک بینڈ کی خاص بات اس کا میوزک ہی نہیں بلکہ اس کے فنکاروں کے بہت بھڑکیلے ملبوسات اور ان کے بہت ہی شاندار اور مختلف قرار دیے جانے والے کنسرٹس بھی ہیں۔

Eurovision Song Contest 2023 - Lord of the Lost
عالمی شہرت کا حامل یہ جرمن میوزک بینڈ گزشتہ برس روک میوزک لیجنڈ آئرن میڈن کے ہمراہ ورلڈ ٹور بھی کر چکا ہےتصویر: Rolf Vennenbernd/dpa/picture alliance

یورو وژن 2023ء میں جرمنی سے حتمی طور پر کون حصہ لے گا، اس انتخاب کا ابتدائی مرحلہ شہر کولون میں مکمل کیا گیا، جس میں آٹھ مختلف فنکاروں اور میوزک بینڈز نے حصہ لیا۔

اس مرحلے میں فتح 'لارڈ آف دا لوسٹ‘ نامی روک بینڈ کو ملی اور اب دیکھا یہ جانا ہے کہ لیورپول میں یورو وژن کے فائنل میں اس جرمن میوزک گروپ کی کارکردگی کیسی رہتی ہے اور اس فائنل کو درجنوں ممالک میں لائیو دیکھنے والے کروڑوں شائقین کس بینڈ کو امسالہ یورپی چیمپیئن قرار دیتے ہیں۔

’لارڈ آف دا لوسٹ‘ جرمن چارٹس میں نمبر ایک

'لارڈ آف دا لوسٹ‘ کے حتمی انتخاب سے قبل ہی یہ اندازے بھی لگائے جا رہے تھے کہ یہ بینڈ ہی لیورپول میں جرمنی کی نمائندگی کرے گا۔ اس لیے کہ اس بینڈ کا ایک البم 'بلڈ اینڈ گلِٹر‘ حال ہی میں عوامی پسندیدگی کے اعتبار سے جرمن چارٹس میں پہلے نمبر پر آ گیا تھا۔

یورو وژن بچوں کے لیے نامناسب ہے، ترک حکام

اس جرمن میوزک بینڈ کی ایک خاص بات اسے حاصل عالمی شہرت بھی ہے اور یہ گروپ روک میوزک لیجنڈ آئرن میڈن کے ہمراہ ورلڈ ٹور بھی کر چکا ہے۔

داڑھی والی آسٹریئین گلوکارہ یورو وژن کی فاتح

یہ کہ یورو وژن کے فائنل میں جرمنی کی نمائندگی اسی میوزک گروپ کو کرنا چاہیے، اس کا فیصلہ دو طرح سے رائے دہی کے نتیجے میں کیا گیا۔ ابتدائی مرحلے کے پہلے نصف پوائنٹ اس گروپ کو ایک ایسی بین الاقوامی جیوری نے دیے، جس میں آٹھ ممالک کے ماہرین شامل تھے۔ دوسرے مرحلے میں جرمن شائقین نے بھی اکثریتی رائے سے اس امر کی حمایت کر دی کہ امسالہ یورو وژن فائنل میں جرمنی سے 'لارڈ آف دا لوسٹ‘ ہی کو جانا چاہیے۔

فائنل کی یوکرین سے برطانیہ منتقلی

یورو وژن یورپی گیتوں کا ایک سالانہ مقابلہ ہے، جو گزشتہ برس یوکرین کے کالُوش آرکیسٹرا نے جیتا تھا۔ روایت یہ ہے کہ فاتح فنکار یا گروپ کا ملک ہی اگلے برس اس یورپی مقابلے کی میزبانی کرتا ہے۔

تاہم یوکرین کی جنگ کے باعث منتظمین نے امسالہ مقابلے کے فائنل کو یوکرین سے برطانیہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ای ایس سی مقابلے کا اہتمام یورپی براڈکاسٹنگ یونین (EBU) کی طرف سے کیا جاتا ہے۔

م م / ع ب (اے ایف پی، ڈی پی اے)