1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الہان عمر کے دورہ کشمیر پر بھارت کی سخت تنقید

22 اپریل 2022

بھارت نے کانگریس کی رکن الہان عمر کے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دورے کو 'تنگ نظر' سیاست قرار دیا ہے۔ الہان پاکستان کے چار روزہ دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اورسابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

https://p.dw.com/p/4AGmS
Ilhan Omar
تصویر: picture-alliance/abaca/Minneapolis Star Tribune/M. Vancleave

امریکہ کی معروف قانون ساز الہان عمر نے جمعرات کے روز پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کا دورہ کیا تھا۔ اس متنازعہ علاقے میں کسی امریکی قانون ساز کا اس انداز کا یہ ایک غیر معمولی دورہ تھا، جس پر بھارت نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ 

بھارت نے کیا کہا؟

اس حوالے سے جب بھارتی وزارت خارجہ سے سوال کیا گیا تو ترجمان ارندم باغچی نے کہا،  "ہم نے اس بات کا نوٹس لیا ہے کہ انہوں نے مرکز کے زیر انتظام جموں اور کشمیر کے ایک اس بھارتی حصے کا دورہ کیا ہے، جس پر اس وقت پاکستان نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔ میں صرف اتنا کہوں گا کہ اگر ایسی سیاست دان اپنی تنگ نظری کی سیاست کرنا چاہیں تو یہ ان کا اپنا کاروبار ہو سکتا ہے۔''

ان کا مزید کہنا تھا، ''لیکن ہماری علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی خلاف ورزی اس (مسئلے کو) کو ہمارا اپنا بناتی ہے، اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ دورہ قابل مذمت ہے۔''

دورے پر امریکہ نے کیا کہا؟ 

ادھر امریکہ کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی کانگریس کی رکن الہان عمر کا اس ہفتے کا دورہ پاکستان امریکی حکومت کی طرف سے اسپانسر نہیں کیا گیا ہے۔

 امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اپنی روزانہ کی نیوز کانفرنس میں اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا، ''جہاں تک میں سمجھتا ہوں، نمائندہ الہان عمر امریکی حکومت کے زیر اہتمام پاکستان کا دورہ نہیں کر رہی ہیں۔''

جمعرات کے روز الہان نے بھارت اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقوں کو الگ کرنے والی لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہا تھا، ”میرا نہیں خیال کہ جس حد تک کشمیر کے موضوع پر امریکی کانگریس میں بات ہونی چاہیے اتنی بات بات چیت کبھی بھی ہوئی ہے، بلکہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ بھی اس موضوع پر زیادہ گفتگو نہیں ہوئی ہے۔''

صومالی نژاد امریکی رکن کانگریس کا تعلق صدر جوبائیڈن کی ڈیموکریٹک جماعت سے ہے اور وہ امریکی شہریت حاصل کر کے کانگریس کا حصہ بننے والی پہلی خاتون ہیں۔

وہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے سلسلے میں آوا زاٹھاتی رہی ہیں۔ چند روز قبل ہی انہوں نے بھارتی مسلمانوں کے حوالے سے مودی حکومت کی پالیسیوں پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا، ''اس سے پہلے کہ ہم انہیں امن میں اپنا شراکت دار سمجھنا چھوڑ دیں، آخر مودی کو بھارتکی مسلم آبادی کے ساتھ، کیا کرنے کی ضرورت ہے۔"

امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر پاکستان کے چار روزہ دورے پر ہیں۔ اسلام آباد میں پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی ثقافتی، سماجی، سیاسی اور اقتصادی صلاحیت کو زیادہ بہتر طورپرسمجھنے کے لیے لاہور اور ''آزاد جموں و کشمیر'' کا دورہ کر رہی ہیں۔

کشمیر: لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف فرق نمایاں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید