1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعات

امریکہ: مسلم مخالف حملے میں چھ سالہ فلسطینی نژاد لڑکا ہلاک

16 اکتوبر 2023

شکاگو میں ایک شخص نے فلسطینی نژاد ماں اور اس کے چھ سالہ بیٹے پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس میں لڑکا ہلاک ہو گیا۔ حملہ آور کو قتل کرنے اور نفرت پر مبنی جرائم کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4XZEX
Schießerei in Chicago
ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ لڑکے پر سات انچ کے ایک فوجی طرز کے چاقو سے 26 بار حملہ کیا گیا۔تصویر: Max Herman/REUTERS

امریکہ میں پولیس نے ایک 71 سالہ شخص کو قتل اور نفرت پر مبنی جرم کے الزام میں گرفتار کیا ہے، جس نے ایک چھ سالہ  فلسطینی نژاد لڑکے اور اس کی ماں پر چاقو سے حملہ کیا، جس میں لڑکا ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کی 32 سالہ ماں کو شدید زخم آئے ہیں۔

علاقائی جنگ سے بچنے کے لیے امریکہ اسرائیل کو ’کنٹرول‘ کرے، ایران

شکاگو کے مضافاتی علاقے میں ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ ''تفتیشی اہلکار اس بات کا تعین کرنے میں کامیاب رہے کہ اس وحشیانہ حملے میں دونوں متاثرین کو مشتبہ شخص نے اس لیے نشانہ بنایا، کیونکہ وہ مسلمان تھے۔''

اسرائیل حماس لڑائی: محمد بن سلمان کی ترک اور ایرانی صدور سے بات چیت

ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ لڑکے پر سات انچ کے ایک فوجی طرز کے چاقو سے 26 بار حملہ کیا گیا۔ 32 سالہ خاتون کو بھی چاقو کے متعدد زخم آئے اور ان کی حالات تشویش ناک ہے، تاہم توقع ہے کہ وہ زندہ بچ جائیں گی۔

اسرائیل اور حماس میں لڑائی جاری، تقریباً ڈھائی ہزار افراد ہلاک

ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے یہ بھی کہا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان موجودہ تنازعے کی وجہ سے متاثرین کو نشانہ بنایا گیا۔ اس بیان کے مطابق ہفتے کی صبح اسے خاتون کی طرف سے ایک ہنگامی کال موصول ہوئی، جس نے بتایا کہ اس کے مکان مالک نے اس پر حملہ کر دیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خاتون نے بتایا کہ وہ ''باتھ روم میں بھاگیں اور اپنے حملہ آور سے لڑتی رہیں۔'' جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تب تک خاتون اور لڑکے کے سینے، دھڑ اور اوپری حصے پر متعدد حملوں سے کئی زخم لگ چکے تھے۔ دونوں متاثرین کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

شکاگو پولیس
ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے یہ بھی کہا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان موجودہ تنازعے کی وجہ سے متاثرین کو نشانہ بنایا گیاتصویر: Cheney Orr/REUTERS

شکاگو میں کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد ریحاب نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا، ''ہم غمزدہ ہیں، اور ہماری دعائیں پیارے لڑکے اور اس کی ماں کے ساتھ ہیں۔''

حماس نے حملہ کر کے عرب اسرائیلی ایجنڈا ہی بدل دیا؟

تنظیم نے متاثرین کی ایک فلسطینی نژاد امریکی لڑکے کے طور پر کی ہے، جو حال ہی میں چھ برس کا ہوا تھا، اور ان کی ماں کا نام حنان شاہین بتایا گیا ہے۔

سی اے آئی آر نے اپنے ایک بیان میں کہا، ''ہم مقامی حکام کی سرکاری تحقیقات کا انتظار کر رہے ہیں، اس وقت ہم جس چیز کی تصدیق کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہمارے اپنے گھر میں ایک چھ سالہ بچہ ہے، جس نے ابھی چند ہفتے قبل اپنی سالگرہ منائی تھی اورایک ماں ہسپتال میں شدید حالت میں پڑی ہیں، دونوں پر ایک درجن سے بھی زیادہ بار چاقو سے حملہ کیا گیا۔''

تنظیم کے مطابق یہ خاندان گزشتہ دو برس سے اس گھر کے گراؤنڈ فلور پر مقیم تھا اور اطلاعات کے مطابق مشتبہ شخص ان کا مکان مالک تھا۔

ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)

حماس کیا ہے؟