1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الاسکا: گرمی کی شدت، برفانی ریچھ کو بھی پسینہ آ جائے

30 مارچ 2019

امریکی ریاست الاسکا کے متعدد شہروں میں ریکارڈ درجہ حرارت ماپا گیا ہے۔ اس غیرمعمولی گرمی سے نہ صرف انسان بلکہ فطرت بھی متاثر ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/3Fwmd
Alaska - Eisbaer
تصویر: picture-alliance/WILDLIFE/S. Muller

موسم سرما کے اختتام پر قطبی امریکی ریاست الاسکا کو ریکارڈ درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ الاسکا میں واقع ماحولیاتی مرکز سے وابستہ ماہر ماحولیات ریک تھامن  نے بتایا ہے کہ الاسکا کے شمالی مقامات پر درجہ حرارت میں بیس سینٹی گریڈ کا اضافہ ہوا ہے جو کہ ماضی کی نسبت بہت زیادہ ہے۔ الاسکا کے شمالی ساحلی شہر بارو میں گزشتہ جمعرات کے دن درجہ حرارت منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ اس موسم میں اس علاقے کا درجہ حرارت عموماﹰ منفی بیس سینٹی گریڈ تک ہوتا ہے۔

اس امریکی ریاست میں پہلے کبھی بھی اس قدر گرم درجہ حرارت ریکارڈ نہیں کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز میں اس خطے میں گرمی کی لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ ماہرین ماحولیات کے مطابق درجہ حرارت میں تبدیلی کی وجوہات گرم موسم اور زمینی درجہ حرارت میں اضافہ ہیں۔

USA Alaska Gletscher
تصویر: picture-alliance/S. Rebored

الاسکا میں ہر سال ’سلیڈ ڈاگ ریسنگ‘ کے متعدد ٹورنامنٹ منعقد کروائے جاتے ہیں۔ لیکن برف کی کمی کی وجہ سے کتوں کی دوڑ کی ایسی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس سے بڑا مسئلہ الاسکا میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش ہے۔ الاسکا کے دریاؤں پر جمی برف پتلی ہو چکی ہے اور اب ان دریاؤں پر جمی برف کو بطور سڑک استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ الاسکا کے متعدد شہروں کو صرف ایسی سڑکیں ہی ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں۔ ان شہروں تک ضروریات زندگی کا سامان دریاؤں پر بنی انہی برفیلی سڑکوں کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس گرمی کی وجہ سے سگ ماہی کی نسل کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ کیونکہ سگا ماہی کے بچوں کی پیدائش برف اور ٹھنڈے موسم میں ہوتی ہے۔

ا ا / آ ع (اے ایف پی)