1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان کپتان کا پاکستان کے خلاف پہلی فتح پر مسرت کا اظہار

25 مارچ 2023

راشد خان کا کہناتھا کہ وہ ہمیشہ پاکستان ٹیم کے خلاف ہارتے رہے ہیں، اس لیے اب انہیں پہلی بار جیت کی بہت خوشی ہے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیسٹمیوں کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کا مشورہ دیا۔

https://p.dw.com/p/4PF3E
Cricket Spieler Afghanistan Rashid Khan
تصویر: ISHARA S. KODIKARA/AFP

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کی پہلی ٹی ٹوئنٹی جیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے چوٹی کے بلے بازوں کو اس سال کے آخر میں ورلڈ کپ سے قبل اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

راشد اور ان کی ٹیم کے ساتھیوں نے جمعہ کو شارجہ میں افتتاحی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی ایک نسبتاﹰ نئے کھلاڑیوں پر  مشتمل ٹیم کو  چھ وکٹوں سے شکست دی۔

Emirates Asia Cup Cricket
پاکستانی ٹیم شاداب خان کی قیادت میں نسبتاﹰ نئے کھلاڑیوں پر مشتمل تھی تصویر: Anjum Naveed/AP/picture alliance

راشد الیون نے اپنی حریف شاداب الیون  کو نو وکٹوں کے بدلے 92 کے مجموعی اسکور تک محدود رکھا اور اس ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد بنی نے میچ ختم ہونے سے تیرہ گیندیں قبل اپنی 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے ساتھ افغان ٹیم کو فتح دلا دی۔ انہوں نے دو وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

فتح کے بعد راشد نے کہا، "یہ جیت خوشی کی بات ہے کیونکہ ہم ہمیشہ ان کے(پاکستان) خلاف ہارے ہیں، کبھی کبھی بہت کم مارجن سے، میں اس جیت کے لیے خوش ہوں، اور ہم جیت کا تسلسل جاری رکھنے کی امید کرتے ہیں۔"

پاکستانی ٹیم کے کم مجموعے کے باوجود یہ کوئی آسان پیچھا نہیں تھا۔ افغانستان کی 27 رنز پر تین وکٹیں گر چکی تھیں لیکن پھر محمد نبی نے اپنی ٹیم کو بچایا۔

Cricket Spieler Afghanistan Mohammad Nabi
آل راؤنڈر محمد نبی نے افغانستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیاتصویر: ISHARA S. KODIKARA/AFP

راشد نے کہا کہ ان کے ٹاپ آرڈر کو جاری تین میچوں کی سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے اور اکتوبر-نومبر میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں اس فارم کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، "ہمیں صرف اس سیریز کے لیے نہیں بلکہ ورلڈ کپ تک پہنچنے کے لیے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔"

افغان کپتان کا مزید کہنا تھا، ''اب سے، ہمیں ہر گزرتے دن اور کھیل کے ساتھ کوشش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سال کے آخر تک، جب ہم ورلڈ کپ کے لیے جائیں گے، ہمارے پاس مکمل طور پر تیار اسکواڈ ہو گا۔"

ش ر⁄  ش ح (روئٹرز)

طالبان کے قبضے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کی اولین پریکٹس