1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

’اسرائیل بھوک کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کر رہا ہے‘

18 مارچ 2024

یورپی یونین کے سربراہ برائے خارجہ امور کے مطابق اسرائیل غزہ میں بھوک کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ دوسری جانب غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہزار سات سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4drOQ
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سبراہ جوزیپ بوریل
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سبراہ جوزیپ بوریلتصویر: John Thys/AFP/Getty Images

یورپی یونین کے خارجہ امور کے سبراہ جوزیپ بوریل کا غزہ کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد سے متعلق برسلز میں پیر کے روز ایک کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر کہنا تھا، ''غزہ میں اب ہم قحط کے دہانے پر نہیں بلکہ ہم قحط کی حالت میں ہیں، جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔‘‘

 انہوں نے مزید سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا، ''یہ ناقابل قبول ہے۔  بھوک کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔‘‘

فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ

دریں اثنا غزہ کی وزارت صحت نے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق سات اکتوبر کے بعد سے شروع ہونے والی اس جنگ میں اب تک 31700 سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد تقریباﹰ 73800 بنتی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید تقریباً 81 فلسطینی ہلاک اور 116 زخمی ہوئے ہیں۔

جوزیپ بوریل کا کہنا تھا، ''غزہ میں اب ہم قحط کے دہانے پر نہیں بلکہ ہم قحط کی حالت میں ہیں، جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔‘‘
جوزیپ بوریل کا کہنا تھا، ''غزہ میں اب ہم قحط کے دہانے پر نہیں بلکہ ہم قحط کی حالت میں ہیں، جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔‘‘تصویر: Mohammed Salem/REUTERS

غزہ میں اس جنگ کا آغاز پچھلے سال اکتوبر میں اسرائیل میں حماس، جسے یورپی یونین، امریکہ، جرمنی اور کئی دیگر ممالک باقاعدہ طور پر دیشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں، کے ایک حملے کے بعد ہوا تھا۔  سات اکتوبر کو اس کی جانب سے اسرائیل میں کیے گئے حملے کے دوران 1000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور تقریباً 250  کو حماس کے جنگجو یرغمال بنا کر غزہ لے گئے تھے۔ ان یرغمالیوں میں سے کئی کو رہا کر دیا گیا ہے۔ اسرائیل کے مطابق اب بھی 130 یرغمالی غزہ میں ہیں، جن میں سے 33 ہلاک ہو چکے ہیں۔

غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں

دریں اثنا نیوز ایجنسی اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل کے انٹیلی جنس چیف، قطر کے وزیر اعظم اور مصری حکام کے درمیان غزہ میں ممکنہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے پر پیر کو دوحہ میں بات چیت متوقع ہے۔

قبل ازیں نیوز ایجنسی روئٹرز نے بھی کہا لکھا تھا کہ اسرائیل پیر کے روز موساد کے سربراہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد قطر بھیج رہا ہے تاکہ چھ ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے مذاکرات کیے جا سکیں۔ ابتدائی اور غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق حماس اس ممکنہ معاہدے کے تحت 40 اسرائیلی مغویوں کو رہا کر سکتی ہے۔ 

جوزیپ بوریل کا کہنا تھا، ''غزہ میں اب ہم قحط کے دہانے پر نہیں بلکہ ہم قحط کی حالت میں ہیں، جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔‘‘
جوزیپ بوریل کا کہنا تھا، ''غزہ میں اب ہم قحط کے دہانے پر نہیں بلکہ ہم قحط کی حالت میں ہیں، جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔‘‘تصویر: Mohammed Salem/REUTERS

نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ میں اسرائیلی حکومت کے ایک اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس ممکنہ معاہدے کو حتمی شکل دینے میں دو ہفتے بھی لگ سکتے ہیں کیوں کہ غزہ میں موجود حماس کے عسکریت پسندوں تک پیغام پہنچانے اور مذاکرات کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

رفح میں بھی فوجی آپریشن ہو گا، اسرائیل

گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا، ''بین الاقوامی دباؤ کتنا بھی زیادہ کیوں نہ ہو، وہ ہمیں اس جنگ میں اپنے مقاصد کے حصول سے روک نہیں سکے گا۔ یہ مقاصد حماس کا خاتمہ، ہمارے تمام یرغمالیوں کی رہائی اور اس بات کو یقینی بنانا ہیں کہ غزہ دوبارہ اسرائیل کے لیے خطرہ نہ بن سکے۔‘‘

 اسرائیل پر یہ دباؤ کافی زیادہ ہے کہ وہ مصر کے ساتھ سرحد کے قریب واقع جنوبی شہر رفح میں اپنے دستوں کے ذریعے اس لیے کوئی زمینی  آپریشن نہ کرے کہ یوں وہاں بہت زیادہ شہری جانی نقصان کا خطرہ ہو گا۔  غزہ جنگ میں اس خطے کی مجموعی طور پر تقریباﹰ 2.4 ملین کی آبادی کا بہت بڑا حصہ اپنے آبائی رہائشی علاقوں سے نقل مکانی کر کے رفح میں پناہ لے چکا ہے۔

اسرائیلی فوج کا رفح میں ممکنہ زمینی آپریشن ابھی سے کس قدر متنازعہ ہے، اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اسرائیل کے سب سے بڑے اتحادی ملک امریکہ کے صدر جو بائیڈن بھی یہ بات کھل کر کہہ چکے ہیں کہ شہری آبادی کے تحفظ کے کسی واضح اور قابل اعتماد منصوبے کے بغیر اسرائیل کی طرف سے رفح میں فوجی مداخلت ایک 'ریڈ لائن‘ ہو گی۔

ا ا / م ا / ر ب  (اے ایف پی، روئٹرز، روئٹرز)