1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اب جرمن شہریوں کا کنڈوم اور الکوحل پر زور

23 اپریل 2020

جرمنی میں لاک ڈاؤن میں ابتدا میں ٹوائلٹ پیپرز کی فروخت بلند ترین سطح پر تھی، اب شہری کنڈوم اور الکوحل دھڑا دھڑ خرید رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3bJ6G
Durex - Kondome
تصویر: Imago/Newscast

جرمنی میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تو جیسے جرمن شہریوں پر ٹوائلٹ پیپر کی خریداری کا بھوت سوار ہو گیا۔ تب شاپنگ سینٹرز میں ٹوائلٹ پیپرز پہنچتے ہی تھے کہ بک جاتے تھے۔ جمعرات کو تاہم جرمن ادارہ برائے شماریات نے بتایا ہے کہ ایسٹر کی چھٹیوں سے قبل جرمنی میں الکوحل اور کنڈومز کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

بتایا گیا تھا کہ گزشتہ ہفتے جرمنی میں ٹوائلٹ پیپرز کی فروخت اگست 2019 تا جنوری 2020 تک کے عرصے کے اوسط کے دو تہائی کم رہی۔ جرمن ادارہ برائے شماریات کے مطابق دیگر اشیائے خوردونوش مثلاﹰ پاستا، چاول، ڈبہ بند ٹماٹر وغیرہ کی فروخت میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ کورونا وائرس کے خدشات کے تناظر میں پچھلے ہفتوں میں اچانک ان چیزوں کی فروخت میں اضافہ ہو گیا تھا۔

ادارہ برائے شماریات کے مطابق ان اشیاء کی فروخت میں کمی کی ایک وجہ مختلف علاقوں میں طلب پوری ہو جانا ہو سکتی ہے۔

ادارہ برائے شماریات کا کہنا ہے کہ گیارہ اور بارہ اپریل کوایسٹر ویک اینڈ سے قبل بیئر کی فروخت میں 26 فیصد اضافہ دیکھا گیا جب کہ وائن کی فروخت میں بھی تین فیصد اضافہ ہوا تھا۔ اس سے قبل کے ہفتوں میں جرمنی میں الکوحل کی فروخت اوسط سے کم دیکھی گئی تھی۔

جرمن دفتر برائے شماریات کا کہنا ہے کہ ایسٹر سے قبل کنڈومز کی فروخت میں چھ فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ تاہم مارچ کی بارہ تاریخ سے بائیس تاریخ کو ملک میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے وقت کنڈومز کی فروخت میں56 فیصد کا  غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا تھا۔

جرمنی میں صابن اور ڈس انفیکٹنٹ پروڈکٹس کی فروخت بدستور اوسط سے زائد ہے، تاہم اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ کے مقابلے میں اب اس کی قدرے کمی ہوئی ہے۔ ایسٹر کے موقع پر تاہم ڈس انفکٹنٹ مصنوعات کی فروخت میں گزشتہ برس اگست سے اب تک کے مقابلے میں اکہتر فیصد کا اضافہ دیکھا گیا تھا، جب کے ایسٹر کے موقع پر صابن کی فروخت بھی دس فیصد بڑھی تھی۔