1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں غیر ملکی ملازمین کی امیگریشن میں آسانی

30 مارچ 2023

جرمنی میں مختلف شعبوں میں بیس لاکھ آسامیاں خالی ہیں۔ حکومت ان ملازمتوں کی لیے بیرون ممالک سے پیشہ ورانہ افراد کو خصوصی ویزے دینا چاہتی ہے۔ اسی مقصد کے لیے اسکلڈ لیبر امیگریشن قانون کا ایک نیا مسودہ پیش کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4PUTA
ایک نوجوان میونخ کی ایک کمپنی میں اپرنٹس شپ مکمل کر رہا ہے۔
جرمنی کو ہر سال چار لاکھ ہنر مند افراد کو ملک میں امیگریشن کے لیے متوجہ کرنا پڑے گا۔تصویر: Frank Hoermann/Sven Simon/picture alliance

جرمنی میں ہنر مند افراد کی شدید کمی  ہے۔ نرسنگ کا عملہ، آئی ٹی ماہرین، ہاتھ سے کام کرنے والے کاریگر، لاجسٹک ماہرین اور دیگر کئی شعبہ جات میں بھی کام کرنے والے ہنر مند ملازمین کی قلت ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق جرمنی کو اپنی لیبر مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کے لیے ہر سال چار لاکھ ہنر مند افراد کو ملک میں امیگریشن کے لیے متوجہ کرنا پڑے گا۔ اس کمی کی ایک بڑی وجہ سن 1960 کی دہائی میں پیدا ہونے والی 'بے بی بومر جنریشن‘ ہے، جو بہت جلد ریٹائر ہونے جا رہی ہے۔

یہ مسئلہ حل کرنے کے لیے حکومت نے اب پہلا قدم اٹھایا ہے اور وفاقی کابینہ نے 'ہنر مند لیبر امیگریشن قانون‘  کا مسودہ منظور کر لیا ہے۔ وزیر داخلہ نینسی فیزر کا کہنا ہے کہ اس کے لیے جرمن معاشرے میں کھلے ذہن کا رویہ اور غیر ملکی لوگوں کو استقبال کرنے والا کلچر بہت اہم ہے تاکہ ہنر مند افراد اور ان کے ساتھ آنے والے خاندان دونوں ہی یہاں راحت محسوس کر سکیں۔

جرمن 'گرین کارڈ' کیا ملک کی تقدیر بدل سکے گا؟

جرمنی میں امیگریشن کے تین راستے

وفاقی وزارت داخلہ کا قانونی مسودہ ایسے غیر ملکی پیشہ ورانہ تربیت یافتہ افراد کے لیے  روزگار کے نئے مواقع کھولنا چاہتا ہے جو جرمنی میں کام کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے کابینہ نے اسکلڈ امیگریشن ایکٹ میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس قانونی مسودے میں کہا گیا ہے کہ ان اصلاحات سے یورپی یونین سے باہر کے ممالک کے ہنر مند تارکین وطن کی تعداد میں سالانہ 60,000 افراد کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ مسودہ غیر ملکی کارکنوں کو ملک میں داخل ہونے کے لیے تین راستے فراہم کرتا ہے۔

  1. امیگریشن کے لیے جرمنی میں تسلیم شدہ پیشہ ورانہ یا یونیورسٹی کی ڈگری، اور ملازمت کا معاہدہ (جاب کانٹریکٹ) درکار ہو گا۔
  2. ڈگری یا پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ ساتھ متعلقہ شعبے میں کام کرنے کے کم از کم دو سال کے تجربے کی ضرورت ہو گی۔
  3. نیا 'چانس کارڈ‘  اُن افراد کے لیے ہے جن کے پاس نوکری کی پیشکش نہیں ہوگی لیکن وہ کام تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

چانس کارڈ پوائنٹس پر مبنی نظام کی پیروی کرتا ہے جو قابلیت، زبان کی مہارت، پیشہ ورانہ تجربہ، جرمنی سے تعلق اور عمر کو مدنظر رکھتا ہے۔

بلیو کارڈ، کم تنخواہ کے ساتھ امیگریشن کی اجازت

مستقبل میں زیادہ لوگ نام نہاد  'ای یو بلیو کارڈ‘   حاصل کر سکیں گے کیونکہ تنخواہ کی مقررہ حد کم کی جائے گی۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ماہرین کے لیے یورپی یونین کا بلیو کارڈ دس سال قبل جرمنی میں متعارف کرایا گیا تھا۔

تعمیراتی صنعت میں ہنر مند کارکنوں کی بھی کمی ہے۔
تعمیراتی صنعت میں ہنر مند کارکنوں کی بھی کمی ہے۔تصویر: Sebastian Gollnow/dpa/picture alliance

اس کارڈ کی بدولت ماہرین تعلیم کسی قسم کی ابتدائی جانچ کے بغیر ملازمت کے لیے جرمنی میں داخل ہو سکتے ہیں۔ یعنی انہیں زبان کی مہارت ثابت کرنے اور اس  شعبے میں جرمنی یا یورپی یونین کے شہری دستیاب ہیں یا نہیں، جیسی رکاوٹوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ لیکن انہیں  بلیو کارڈ اسکیم میں مقرر کردہ کم از کم آمدنی حاصل کرنا ہوگی، جس کی حد کو اب کم کیا جائے گا۔

اس سے قبل سالانہ آمدن کم از کم 58,400 یورو جبکہ ملازمین کی قلت سے دوچار پیشے میں 45,552 یورو ثابت کرنا پڑتا تھا۔ آئی ٹی ماہرین یونیورسٹی کی ڈگری کے بغیر ای یو بلیو کارڈ حاصل کر سکتے ہیں تاہم ان کے پاس وسیع تر پیشہ ورانہ تجربہ ہونا ضروری ہے۔

بلقان ممالک سے ملازمین کی بھرتیاں

جرمنی کی مخلوط حکومت کی کابینہ نے البانیہ، بوسنیا ہرزیگووینا، کوسووو، جمہوریہ شمالی مقدونیہ، مونٹی نیگرو اور سربیا سے ملازمت کے متلاشی افراد کے حوالے سے ضوابط میں توسیع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جن کی مدت اس سال کے آخر میں ختم ہونے جارہی تھی۔ اس اقدام کے ذریعے جرمنی میں کاروباری صنعت سالانہ پچاس ہزار افراد کو بھرتی کر سکے گی۔

پاکستانی خاتون کی اسٹارٹ اپ کمپنی کے لیے 50 ہزار یورو انعام

 

امیگریشن اصلاحات پر اپوزیشن کی تنقید اور تجاویز

بائیں بازو کی جماعت دی لنکے کی لیبر مارکیٹ کی ماہر سوزان فرشل نے کہا کہ "غیر محفوظ روزگار اور استحصالی حالات میں امیگریشن کو توسیع دینے کے بجائے اسے مضبوطی سے روکا جانا چاہیے۔"

دوسری جانب قدامت پسند جماعت CDU اور CSU کے پارلیمانی نائب ہیمان گروہے نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا قانونی مسودہ زیادہ پڑھے لکھے افراد کو جرمنی ہجرت کرنے کی ترغیب دینے کے لیے "بالکل بھی موثر نہیں" ہے۔

ان کے مطابق نئے ضابطوں سے زیادہ اہم بات ان پر بہتر عملدرآمد کرنا ہے۔ ہیمان گروہے کے بقول، "امیگریشن کے خواہش مند ہزاروں ہنرمند افراد کو جرمنی کے ویزہ یا اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کی تصدیق کے لیے مہینوں تک انتظار کرنا پڑتا ہے، لہٰذا ہمیں بیرون ملک سفارتی مشنوں میں عملے کی ضرورت ہے - ناکہ کسی نئے ضابطے کی۔"

رائنشے پوسٹ کے ایک ماہر گیرڈ لانڈسبرگ نے تیز تر ڈیجیٹائزڈ ویزا جاری کرنے کے طریقہ کار کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ تمام صنعتی ممالک ہنر مند افراد کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، "اگر  پاکستان یا  بھارت کے آئی ٹی ایکسپرٹ کو ویزے کے لیے قونصل خانے میں ملاقات کے لیے مہینوں انتظار کرنا پڑتا ہے، تو وہ کسی اور ملک کا انتخاب کریں گے۔"

اس کے علاوہ بعض ناقدین نے جرمنی میں بیوروکریسی کو کم کرنے اور انتظامی معاملات کو تیز کرتے ہوئے ہنر مند کارکنوں کی امیگریشن کے طریقہ کار کو یکسر آسان بنانے کے مطالبے پر بھی زور دیا ہے۔

اسکلڈ مائیگرینٹس کے قوانین میں اصلاحات کے حوالے سے کابینہ کے مسودہ قانون کو اب جرمن وفاقی پارلیمان میں بحث کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ع آ / ع ب (لیزا ہینل، آندریا گروناؤ)

گجرات کے کھیتوں سے جرمنی کے ڈیری فارم تک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید